الجزائر محمد عبداللہ کا حیرت انگیز کارنامہ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 27, 2016 | 16:39 شام

الجزائر(مانیٹرنگ) پہلی جماعت کے  طالب علم محمد عبد اللہ نے 20 سے زیادہ مصنفین کے 50 عنوانات کو پڑھ کر ان کا خلاصہ بیان کیا اور عرب ریڈنگ چیلنج میں پہلے انعام کے حقدار قرار پائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دبئی میں عرب ریڈنگ چیلنج مقابلے کا انعقاد ہوا جس میں 15 عرب ممالک کے اول جماعت سے بارہویں جماعت کے 35 لاکھ 90 ہزار 743 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ فائنل سمیت پورے مقابلے میں بچوں نے 10 کروڑ سے زائد کتابوں کا مطالعہ کیا۔ مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کرنے والےالجزائر کے شہر قسنطینہ میں زیادی پرائمری اسکول کے پہلی جماعت کے 6 سالہ طالب علم محمد عبداللہ فرح نے پہلے اپنے ملک کے 6 لاکھ 10 ہزار طلبہ و طالبات پر برتری حاصل کرکے فائنل تک رسائی حاصل کی۔محمد عبداللہ فرح  نے آخری مقابلے میں 20 سے زائد مصنفین کے 50 عنوانات کو پڑھا اور ان کا خلاصہ بیان کرکے حاضرین محفل کو حیران کردیا ۔ دبئی کے حکمران الشیخ محمد بن آل مکتوم نے الجزائر کے محمد عبداللہ فرح کو اول پوزیشن حاصل کرنے پرمبارکباد دی اور انعام سے نوازا۔عرب ریڈنگ چیلنج میں فلسطین کے ہائی اسکول طلائع الامل کو بہترین اسکول کا ایوارڈ دیاگیا ۔اس مقابلے کے حتمی مرحلے میں 5 اسکول شامل تھے۔