بولی وڈ کی معروف اداکارہ جیا بچن کے بارے میں خبریں ہیں کہ وہ آج کل اپنی بہو اور اداکارہ ایشوریا رائے بچن سے کچھ ناراض ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جیا بچن کو فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں ایشوریا رائے کے رنبیر کپور کے ساتھ فلمائے گئے کچھ متنازع مناظر پر اعتراض تھا۔کرن جوہر کی ہدایات میں بننے والی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں ایشوریا رائے بچن اور رنبیر کپور کے ہمراہ انوشکا شرما اور فواد خان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ ایشوریا رائے بچن اور رنبیر کپور نے فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں کچھ بولڈ سینز فلمائے ہیں اور میڈیا رپورٹس میں کچھ عرصے سے ان مناظر کا کافی چرچا ہے۔اس حوالے سے جیا بچن کا کہنا تھا، ’ایک وقت تھا جب فلم ساز اپنی فلموں میں آرٹ کا مظاہرہ کرتے تھے لیکن اب صرف کاروبار اور نمبرز پر توجہ دی جاتی ہے،ہر چیز ہمارے منہ پر مار دی جاتی ہے، آج لوگ لطافت کو بھول چکے ہیں، بولڈ سین فلمانے کو سمجھداری سمجھا جاتا ہے، شرم نام کی تو کوئی چیز ہے ہی نہیں'۔جیا بچن کے اس بیان پر غور کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے جیسے انہوں نے اپنی بہو ایشوریا رائے بچن اور فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کے ہدایت کار کرن جوہر پر تنقید کی ہے۔خیال رہے کہ ویسے بھی جیا بچن اپنے غصے کی وجہ سے کافی مشہور ہیں اور اکثر تقریبات میں رپورٹرز اور کیمرا مینوں کو باتیں سناتی نظر آتی ہیں۔2 سال قبل انہوں نے اپنے بیٹے کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے گذشتہ چند سالوں میں 'ہیپی نیو ایئر' جیسی بے تکی اور احمقانہ فلم نہیں دیکھی۔