بالی وڈ فنکارحکمرانوں کی وجہ سےخوف میں مبتلا ہیں:اجے دیوگن

2016 ,اکتوبر 29



 

ممبئی (مانیٹرنگ) اداکار اجئے دیوگن نے کہا ہے کہ جب قوم پرستی کی بات آتی ہے تو فلمی صنعت متحد ہوجاتی ہے لیکن سیاست کے عمل دخل سے خوف طاری ہوجاتا ہے۔ یہ دریافت کئے جانے پر کہ فلمی صنعت میں خوف ہے یا قوم پرستی کا جذبہ ہے؟۔ توانھوں نے کہاکہ دونوں ہے۔ جب سیاسی مداخلت ہوتی ہے تو فلمی شخصیتیں خوف زدہ ہوجاتی ہیں۔ اور وہ آج بھی خوفزدہ ہیں کیوں کہ آج کل کسی بھی گروپ کے خلاف لب کشائی کی جانے پر آپ کی فلم روک دی جاتی ہے اور کوئی بھی ناگہانی واقعہ پیش آسکتا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سیاستدانوں کا آسان نشانہ فلمی صنعت ہے لیکن حب الوطنی کے معاملہ میں بالی ووڈ منقسم نہیں ہے۔ ان کا یہ بیان ہدایت کار کرن جوہر کی فلم ’’یہ دل ہے مشکل‘‘ کی ریلیز سے قبل آیا ہے جبکہ اس فلم میں پاکستانی اداکار فواد خان سے کام لینے پر ایم این ایس نے احتجاج کی دھمکی دی ہے۔ اجئے دیوگن نے کہاکہ سماج کی طرح بالی ووڈ بھی منقسم ہے لیکن مذہب کی بنیاد پر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ سیر و تفریح میں مذہب کا مسئلہ نہیں آتا کیوں کہ فلموں میں ہندو، مسلم، پارسی، عیسائی کام کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں اجئے دیوگن نے کہاکہ پاکستانی فنکاروں پر پابندی نہیں ہونی چاہئے بلکہ موجودہ حالات ملک کو متحد ہوجانا چاہئے۔ انھوں نے حال ہی میں کہا تھا کہ قوم کے جذبات کا احترام کرتے ہیں۔ سرحد پار سے آئے ہوئے کسی بھی اداکار کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔ تاہم اب انھوں نے اپنا موقف تبدیل کردیا ہے۔ اجئے دیوگن نے کہاکہ میں نے پاکستانی اداکاروں اور موسیقاروں کے ساتھ کام کیا ہے اور میری فلم ’’کچے دھاگے‘‘ کو نصرت فتح علی خاں نے بہترین موسیقی سے سجایا تھا۔ اور مستقبل میں بھی ہم مل جل کر کام کرتے رہیں گے۔ لیکن بعض اوقات غیر متوقع صورتحال پیدا ہوجاتی ہے۔ گوکہ وہ پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں لیکن حالات کی مناسبت سے ملک کو متحد ہوجانا پڑتا ہے۔

 

متعلقہ خبریں