ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ۔ امریکہ نے پاکستان کو سپر اوور میں ہرا دیا۔

تحریر: None

| شائع |

پاکستانی ٹیم  کسی ایری  غیری ٹیم سے نہیں ہاری،سپر پاور سے ہاری ہے۔ وہاں تک تو چین روس جرمنی جاپان پہنچ بھی نہیں سکے۔ہماری ٹیم وہاں جا کر کڑک چائے تلاش کر رہی ہے ،بل فائٹنگ دیکھ رہی ہے سیر سپاٹے جاری ہیں۔ یہ سارا کچھ بہتر کارکردگی کے پیچھے اوجھل رہتا ہے لیکن جب کارکردگی اپ سیٹ والی ہو تو معمولی خامیاں کوتاہیاں بھی بلنڈر نظر آنے لگتی ہیں۔ امریکی ٹیم نے ہماری ٹیم کو159 پر آؤٹ کر لیا تھا . امریکی بیٹسمین اچھا کھیلے میچ ان کے ہاتھ میں تھا لیکن  محمد عامر  کی بہترباؤلن

گ کی وجہ سے پاکستانی ٹیم ایک بار پھر میچ میں لوٹ آئی۔انہوں نے بیٹھی ٹیم کو اٹھا دیا۔  

سپر اوور تک نوبت گئی تو  عامر نے ٹیم کو وہیں بٹھا دیا جہاں سے اٹھایا تھا۔سپر اوور کا بھی سن لیں۔امریکیوں نے 18 رنز بنائے ایک امریکی کھلاڑی نے 11 رنز بنائے اور دوسرے کا سکور صفر رہا باقی سات رنز وائڈ بالز کی صورت میں تحفہ۔۔۔ سعودی عرب کی طرف سے پاکستانی ٹیم کو شاہی حج کرانے کا اعلان کیا گیا ہے بشرطیکہ ٹیم یہ کپ جیت جائے امریکیوں  نے گرین پاسپورٹ کی جھلکی تو نہیں کرادی تھی؟۔کچھ لوگ کہتے ہیں پاکستانی ٹیم خیر سگالی کے جذبے کے تحت اور اعتماد سازی اقدام کے لیے جان بوجھ کر ہاری ہے۔ ویسے بھی پاکستان میں امریکی سفیر ڈولڈ بلوم اس میچ میں مہمان خصوصی تھے۔ وہ ہمارا کتنا خیال رکھتے ہیں۔

انہوں نے ہمارے کہنے پر امریکہ میں ورلڈ کپ کروا دیا۔آنکھ کی حیا بھی کوئی چیز ہوتی ہے۔اگر ان کے ملک میں ان سے جیت جاتے تو آفیشلزشرمسار شرمسار سے پھرتے۔جہاں تک اعتماد سازی اور خیر سگالی کی بات ہے ،پاکستان ایک مرتبہ بنگلہ دیش سے دوسری مرتبہ افغانستان سے ایسے جذبے کے تحت ہارا تھا ۔ اس کے بعد یہی دو ٹیمیں پاکستان کے آج تک گلے پڑتی آ رہی ہیں۔یہ ٹیمیں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کے لیے میدان میں اترتی ہیں تو لگتا ہے کہ فوج  محاذ جنگ پر آگئی ہے ۔امریکی ٹیم نئی ضرور ہے مگر ماٹھی اور ماڑی نہیں ہے۔ ہماری ٹیم نے شاید نو آموز سمجھ کر سیریس نہیں لیا۔جس نے بھی حریف کو سَوکھا لیا اس پر اوکھا وقت ہی آیا ۔ اب بھی میدان کھلا ہے پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ جیت کر اس اپ سیٹ اور اگلےاپ سیٹوں کےدھونے دھو سکتی ہے۔اس اپ سیٹ کے  دعاؤں سے اثرات  زائل ہو سکتے ہیں کہ بھارت مالدیب سے ہار جائے مگر مالدیب کی ٹیم تو ٹورنامنٹ میں حصہ ہی نہیں لے رہی۔