کشیدگی کےاس ماحول میں کراچی کی دلہن پریا اوربھارت کا دولہا نریش کی شادی اہمیت اختیارکر گئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 08, 2016 | 20:27 شام

پریا بچانی کی شادی جودھپور کے ایک سندھی ہندو نریش ٹیوانی سے ہو رہی ہے۔ پریا کے ساتھ ان کے 30 سے زیادہ قریبی رشتے دار بھی شادی میں شرکت کیلئے جودھپور پہنچے ہیں۔یہ شادی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب انڈیا پاکستان سرحد پر زبردست کشیدگی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا سلسلہ ٹوٹا ہوا ہے۔پریا کے والد گردھر لال بچانی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا:’جیت بالآخر محبت اور امن کی ہوتی ہے۔‘انہوں نے امید ظاہر کہ کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہونگے، سرحدوں کی دوریاں ختم ہونگی اور اس طرح کی شادیاں اور رشتے اور بڑھیں گے۔ انہوں کہا کہ’دونوں جانب محبتیں موجود ہیں تبھی تو ہم یہاں آئے ہیں۔‘شادی کے جوڑے میں  میں ملبوس پریا اپنی شادی انڈیا میں ہونے پر بہت خوش ہیں۔ ان کی بس یہی دعا ہے کہ دونوں کے ملکوں کے تعلقات بہتر ہو جائیں۔دولہے کے والد کنہیا لال ٹیوانی اپنی بہو اور ان کے والدین کا استقبال کرتے ہوئے خوشی سے سرشار تھے۔ انھوں نے بتایا کہ’میں تقریباً15 برس پہلے پاکستان گیا تھا۔ میں نے وہاں سندھیوں کا جو کلچر، تہزیب اور رسم و رواج دیکھی وہ مجھے بہت اچھی لگی۔ میں نے اسی وقت یہ قسم کھائی تھی کہ میں اپنی بہو پاکستان سے لاؤں گا اور آج میری تمنا پوری ہوگئی ہے۔‘شادی کا اہتمام بہت شان و شوکت سے کیا گیا ہے۔ پریا کے 30 سے زیادہ رشتے دار یہاں آئے ہیں۔انہوں نے کئی مہینے پہلے ویزا کی درخواست دی تھی لیکن جب ویزا ملنے میں تاخیر ہونے لگی تو ٹیوانی نے حکومت سے مدد کی اپیل کی۔ انڈیا کی وزیر خارجہ سشما سوراج کی مداخلت کے بعد انھیں ویزا مل گیا۔جودھپور کے معروف سماجی کارکن ہندو سنگھ سوڈھا بتاتے ہیں کہ ’راجستھان کے سرحدی علاقوں میں کچھ عرصے پہلے تک اس طرح کی پاک انڈیا شادیاں اکثر ہوا کرتی تھیں۔ سرحد کے اس جانب ہندوؤں اور مسلمانوں کی تقریباً برابر آبادی ہوا کرتی تھی۔ اس طرف تھر پارکر میں بھی یہی صورتحال تھی۔ دونوں جانب آنا جانا تھا، رشتے داریاں تھیں لیکن رشتوں کی تلخی سے شادیاں اب کم ہونے لگی ہیں۔‘جس وقت پریا اور نریش کی شادی ہو رہی ہے اس وقت ٹی وی چینلز اور اخباروں میں سرحد پر گولاباری میں دو انڈین فوجیوں کی ہلاکت کی خبریں بھی چل رہی ہیں۔ ان چینلز پر خبروں میں کراچی کی دلہن کی بھی خبریں دکھائی جا رہی ہیں۔کشیدگی کےاس ماحول میں پریا اورنریش کی شادی اہمیت اختیارکر گئی ہے۔ بہت سے لوگ اس خراب ہوتے ماحول میں اسے انڈیا پاک تعلقات کے لیے ایک نیک شگون تصور کر رہے ہیں۔