صارفین کو اگلے تین ماہ تک مفت فور جی ایل ٹی ای سروسز فراہم کی جائیں:بھارت
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 01, 2016 | 20:16 شام
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): بھارتی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ اگلے تین ماہ تک صارفین کو مفت فور جی ایل ٹی ای سروس فراہم کی جائیں گی جس کے تحت صارفین مفت کالز سمیت دیگر سہولیات حاصل کرسکیں گے۔تفصیلات کے مطابق ریلائنس انڈسٹری کے چیئرمین مکیش امبانی نے بھارت کے غریب صارفین کے لیے مفت فورجی ایل ٹی ای کی تمام سروسز کی مدت میں توسیع کرنے کا اعلان کردیا۔اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ ’’کمپنی کے صارفین کو اگلے تین ماہ تک مفت فور جی ایل ٹی ای سروسز فراہم کی جائیں گی، جس کے تحت صارفین فری وائس کالز، روزانہ کی بنیاد پر 1 جی بی فری انٹرنیٹ ڈیٹا استعمال کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے کروڑوں صارفین پہلے ہی فورجی کی سروسز کو استعمال کررہے ہیں تاہم پہلے یہ سہولیات دسمبر تک تھیں مگر کمپنی نے لوگوں کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اس کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔انہوں نے بتایا کہ صارفین اگلے تین ماہ یعنی 31 مارچ 2017 تک ان سہولیات کو بالکل مفت استعمال کرسکیں گے تاہم کمپنی کی جانب سےعوامی مقامات پر وائی فائی ہاٹ لگائے جارہے ہیں تاکہ صارفین کو مزید بہتر خدمات دی جاسکیں۔خیال رہے ریلائنس جیو نے بھارت میں رواں سال ستمبر میں کام شروع کیا تھا جس کے آغاز کے ساتھ ہی وائس کالز مفت فراہم کرنے کے اعلان نے دیگر موبائل کمپنیوں کو بری طرح متاثر کیا۔