میں خود سے محبت کی زندہ مثال ہوں۔۔۔کیوڈیا گرل
کیوڈیا ڈیوپ افریقی ملک سینیگال سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ دوشیزہ ہیں جنھیں اپنی پوری زندگی میں لوگوں کی بدزبانی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ ان کی جلد کی سب سے ہٹ کر رنگت تھی۔درحقیقت کیوڈیا کی رنگت عام سیاہ فاموں جیسی نہیں بلکہ ان سے بھی منفرد اور کچھ ایسی ہے کہ اکثر تو یقین نہیں آتا کہ یہ حقیقی ہے۔وہ خود بتاتی ہیں ' جب میں چھوٹی تھی تو میری چمکدار سیاہ رنگت کے باعث مجھے دیگر بچوں میں منتخب کیا جاتا تھا، اور ایسا سینیگال میں عام سمجھا جاتا ہے، مگر مجھے کچھ اچھا نہیں لگتا تھا مگر اس سے مجھے خود سے محبت کرنا سیکھنے میں مدد ملی تاکہ اس منفی ماحول سے باہر نکل سکوں'۔گزشتہ سال کے ایک سروے کے مطابق سینیگال کی 52 سے 67 فیصد خواتین رنگت یا یوں کہہ لیں کہ سیاہ رنگ میں کمی لانے کے لیے مصنوعات استعمال کرتی ہیں۔کیوڈیا کی لوگوں کی بدزبانی پر قابو پانے اور کامیابی کے لیے ابھرنے کی داستان نے ہزاروں افراد کو حیران کردیا اور اب وہ ایک ابھرتی ہوئی ماڈل ہیں جو کہ ایک گروپ دی کلرڈ گرل کے لیے کام کررہی ہیں۔انسٹاگرام پر بھی ان کے پرستاروں کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے جو اب ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز کرچکے ہیں جہاں وہ اپنی تصاویر میں ایسے اقوال استعمال کرتی ہیں جو لوگوں کو اٹھنے کا حوصلہ فراہم کرسکیں۔ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا مجھے اچھے پراجیکٹس کی کافی نئی پیشکشیں ہوئی ہیں اور میں مستقبل کے حوالے سے کافی پرجوش ہوں، میں ابھی ڈگری کے حصول کے لیے کالج کا حصہ بھی بننے والی ہوں جس کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ کو بھی جاری رکھوں گی۔وہ بتاتی ہیں ' میں نے سیکھا کہ کس طرح منفی لوگوں کو نظرانداز کرنا چاہئے اور اعتماد اور خود سے محبت کی زندہ مثال بننا چاہئے، میں اپنی زندگی گزار رہی ہوں اور کامیابی اپنا ثبوت خود ہے'۔