امریکا کی ایران کے خلاف قومی ایمر جنسی میں توسیع
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 05, 2016 | 15:45 شام


صدر اوباما نے کانگریس کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ''ہمارے ایران کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں آئے ہیں اور ایران کے ساتھ 19 جون 1981ء کو طے شدہ سمجھوتوں پر نفاذ کا عمل ابھی جاری ہے''۔
انھوں نے لکھا ہے کہ ''ان وجوہ کی بنا پر میں ایران کے حوالے سے قومی ایمرجنسی کو جاری رکھنا ضروری سمجھتا ہوں۔اس ایمرجنسی کا 14 نومبر 1979ء کو ایک انتظامی حکم کے ذریعے نفاذ کیا گیا تھا''۔
صدر اوباما ایران سے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو لاحق کسی بھی قسم کے خطرے کے خاتمے کے لیے سفارت کاری کو بروئے کار لائے ہیں اور اس میں انھیں خاطر خواہ کامیابی نصیب ہوئی ہے۔
امریکی صدر نے گذشتہ سال جولائی میں ایران کے ساتھ مغربی ممالک کے تاریخی جوہرے معاہدے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اس کے تحت ایران نے اپنی جوہری صلاحیت کو محدود کردیا تھا اور اس کے بدلے میں مغربی ممالک نے اس پر عاید مختلف قسم کی اقتصادی پابندیاں ختم کردی تھیں اور ایران کے اربوں ڈالرز کے اثاثے بھی غیر منجمد کردیے گئے تھے۔