بالی ووڈ کے وہ ستارے جو بھارت میں ہوتے ہوئے بھارتی نہیں تھے۔۔۔

2017 ,اپریل 25



ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): دنیا بھر میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے کئی بھارتی فلم اسٹارز ایسے بھی ہیں جو بھارت میں پیدا نہ ہونے کے باوجود بالی ووڈ پر راج کررہے ہیں۔ بالی ووڈ پر راج کرنے والے کئی بھارتی اسٹارز ایسے بھی ہیں جو بھارت میں پیدا نہیں ہوئے مگر ان کی پہچان بالی ووڈ کی وجہ سے ہے اور وہ ہالی ووڈ سمیت کئی انٹرنیشل برانڈز میں کام کرچکے ہیں۔آپ بھی جانیے وہ کون لوگ ہیں جنہوں نے اپنا راج فلم انڈسٹری میں بنایا ہوا ہے۔

دپیکا پڈوکون:

2007 میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ سے بھارتی فلم نگری میں قدم رکھنے والی اداکارہ دپیکا پڈوکون نے اپنی پہلی ہی فلم سے شائقین کے دلوں میں جگہ بنالی مگر حیران کن بات یہ ہے کہ دپیکا بھارتی نہیں ہیں بلکہ وہ 5 جنوری 1986 کو ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں پیدا ہوئیں۔ دپیکا نے بالی ووڈ کو کئی سپر ہٹ فلمیں دیں جن میں ’’باجی راؤ مستانی‘‘، ’’رام لیلا‘‘، ’’پیکو‘‘ اور ’’چنئی ایکسپریس‘‘ شامل ہیں۔

کترینا کیف:

کترینا کیف نے 2003 میں فلم ’’بوم‘‘ کے ذریعے بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا لیکن انگریزی انداز سخن ہونے کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ان کی ابتدائی فلمیں اتنی کامیاب نہیں رہی جب کہ ان فلموں میں ان کی آواز بھی شامل نہیں تھی تاہم کترینہ نے بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم  ’’دھوم تھری‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی دیگر فلموں میں ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘، ’’اگنی پت‘‘، ’’پارٹنر‘‘، ’’راجنیتی‘‘، ’’میں نے پیار کیوں کیا‘‘ شامل ہیں۔ کترینا کیف کے بارے میں اکثریت یہ جانتی ہے کہ ان کا تعلق بھارت سے نہیں تاہم بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ان کا تعلق برطانیہ سے ہے اور ان کے پاس ابھی بھی برطانوی پاسپورٹ موجود ہے۔

اکشے کمار:

بھارت کے معروف ہدایت کار مہیش بھٹ کی فلم ’’آج‘‘ سے 1987 میں فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والے اکشے کمار نے ایکشن، مزاح، کامیڈی، رومانس سمیت ہر قسم کی فلم میں ادکاری کا لوہا منوایا اور اب وہ ہر پروڈیوسر کی آنکھ کا تارا سمجھے جاتے ہیں اور سال میں سب سے زیادہ فلمیں بھی کرتے ہیں جو اکثر کامیاب رہتی ہیں۔ اکشے کمار بھارت میں محب وطن شہری بھی سمجھے جاتے ہیں اور وہ اکثر وبیشتر سماجی مسائل پر آواز بھی بلند کرتے ہیں جب کہ حال ہی میں انہیں فلم ’’رستم‘‘ پر بھارت کے نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تاہم بہت سے لوگ اس بات پر حیران ہوں گے کہ وہ بھی بھارتی نہیں اور ان کی پیدائش کینیڈا کی ہے۔

جیکولین فرنینڈس:

معروف سری لنکن ماڈل جیکولین فرنینڈس نے فلم ’’الادین‘‘ سے 2009 میں بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور بہت کم عرصے میں بالی ووڈ میں اپنی شناخت بنائی جب کہ انہوں نے فلم ’’کک‘‘، ’’ہاؤس فلم تھری‘‘، ’’ریس 2‘‘ اور ’’ڈشوم‘‘ جیسی ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

عالیہ بھٹ:

بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ نے 2012 سے کرن جوہر کی فلم ’’اسٹوڈنٹ آف دی آیئر‘‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بہت کم وقت میں مداحوں کے دلوں میں جگہ بنائی مگر حیران کن طور پر وہ بھی بھارت میں پیدا نہیں ہوئیں بلکہ انہوں نے برطانیہ میں جنم لیا۔ عالیہ بھٹ نے ’’کپور اینڈ سنز‘‘، ’’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘‘ اور ’’اڑتا پنجاب‘‘ جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔

عمران خان:

بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان کے بھانجے عمران خان نے اپنے ماموں کے ساتھ  بلاک بسٹر فلم ’’قیامت سے قیامت تک‘‘ اور ’’جو جیتا وہی سکندر‘‘ میں بطور چائلڈ ایکٹر اپنے کریئر کا آغاز کیا اور کہا جارہا تھا کہ عمران خان بھی عامر خان کی طرح بالی ووڈ پر راج کریں گے مگر وہ اپنی ادکاری سے شائقین کو متاثر نہ کرسکے۔  امریکا میں پیدا ہونے والے اداکار نے  2008 میں فلم ’’جانے تو یا جانے نہ‘‘ سے بطور ہیرو کیریئر کا آغاز کیا اور اس کے بعد کئی کامیاب فلمیں بھی کیں لیکن ان کی ناکام فلموں کو تناسب زیادہ رہا جس کے سبب وہ اب اسکرین سے غائب رہتے ہیں۔ عمران خان کی فلموں میں ’’لک‘‘، ’’میرے برادر کی دلہن‘‘ اور ’’کٹی بٹی‘‘ شامل ہیں۔

نرگس فخری:

رنبیر کپور کے ساتھ فلم ’’روک اسٹار‘‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی نرگس فخری کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ ان کا تعلق پاکستان سے ہے مگر اصل میں وہ امریکی شہری ہیں جب کہ بالی ووڈ میں انہوں نے ’’میں تیرا ہیرو‘‘، ’’اظہر‘‘، ’’مدراس کیفے‘‘، ’’پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘‘ اور ’’ہاؤس فل تھری‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

متعلقہ خبریں