جنید جمشید کے یوم پیدائش: علی ظفر کا منفرد خراج عقیدت پیش

2020 ,ستمبر 4



کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک): معروف نعت خواں جنید جمشید کی 56 ویں سالگرہ پر گلوکار علی ظفر نے انہیں منفرد انداز میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ماضی کے معروف میوزیکل بینڈ وائٹل سائن کے روح رواں گلوکار مرحوم جنید جمشید ابتدا میں موسیقی کی وجہ سے کافی مقبول رہے لیکن دل دل پاکستان گانا اُن کی اصل پہچان بنا۔ گلوکاری کی دنیا کو مکمل طور پر خیرباد کہنے والے جنید جمشید نے اپنی زندگی میں کئی نعتیں بھی پڑھیں۔ 3 ستمبر 1964ء کو کراچی میں پیدا ہونے والے جنید جمشید نے زندگی کے آخری ایام میں دین کی روشنی کو دوسروں تک پہنچانے کو اپنا مقصد بنائے رکھا۔ ستارہ امتیاز پانے والے جنید جمشید کی آج 56 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر گلوکار علی ظفر نے انہی کا ماضی کا ایک گیت گا کر جنید کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

علی ظفر نے ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ مشہور ’اعتبار‘ گیت گاتے نظر آرہے ہیں جب کہ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیشہ ہمارے دلوں پر حکمرانی کرتے رہیں گے، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اللہ پاک جنید جمشید کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ واضح رہے کہ دسمبر 2016ء میں جنید جمشید چترال سے اسلام آباد جانے والے بدقسمت طیارے میں سوار تھے جو حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔ حادثے کے نتیجے میں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ نیہا سمیت طیارے میں سوار تمام 48 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں