2020 ,اپریل 14
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک): اداکار و گلوکار علی ظفر نے ذہنی تناؤ سے نجات کا نسخہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’سارے گاما‘‘ کو اپنی روٹین کا حصہ بنائیں جس سے ذہنی تناؤ میں کمی واقع ہوگی۔ علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے ذہنی تناؤ سے نجات کا نسخہ پیش کیا اور کہا کہ ایک کام بہت آسان ہے جو کہ آپ لوگوں کو روز کرنا چاہیے اور وہ کام ’سارے گاما ‘ کا ساز ہے۔گلوکار نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں یہ بھی کہا کہ سارے گاما کو اپنی روٹین کا حصہ بنالیں اور روز صبح دانت برش کرنے کے بعد ایک سانس میں یہ ریاض کرنے کی کوشش کریں جو کہ بہت ہی آسان ہے اور آپ بھی اسی طرح اپنی ویڈیو بنا کر کسی بھی گلوکار کو ٹیگ کرکے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ علی ظفر ان دنوں کورونا وائرس کی وجہ سے قرنطینہ میں ہی ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں لوگوں کو گلوکاری اور غزل کے ذریعے آگاہی دینے میں مصروف ہیں۔