امریکی کمپنی نے ایسی جگہ سبزیاں اگادیں جس کے بعد کھیتوں کی ضرورت ختم ہوجائے گی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 01, 2016 | 10:29 صبح

واشنگٹن: ایک امریکی کمپنی نے الماری میں کھیت لگا کر دنیا کوورطہ حیرت میں مبتلا کردیاہے۔ امریکی کمپنی کی جانب سے الماری میں لگائے گئے کھیت میں روزمرہ استعمال کی سبزیاں اور سلاد وغیرہ بہ آسانی اگائے جاسکتے ہیں اور اسی مناسبت سے انہیں ’’وال فارمز‘‘ (دیوار گیر کھیت) کا نام بھی دیا ہے۔ کمپنی نے ناسا کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی ٹیکنالوجی وضع کرلی ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے یہ سب کچھ زمین پر ایک الماری کے اندر ممکن بنالیا گیا ہے۔ الماری کی شکل والے ان مختصر سے کھیتوں کی تیاری میں نینوٹیکنالوجی کی مدد سے ایسے مادے وضع کیے گئے ہیں جو پودوں کو درکار پانی، کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دوسرے اہم غذائی اجزاء کی درست اور نپی تلی مقدار فراہم کرتے رہتے ہیں۔ آپ کو اس الماری کے اندر سبزیاں صرف ایک محلول میں رکھنی ہوں گی جب کہ باقی سارا کام یہ خودکار دیوار گیر کھیت خود سنبھال لے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وال فارمز میں اُگائی گئی سبزیوں میں وٹامن (حیاتین) کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور وہ مٹی میں اگائی جانے والی سبزیوں سے 30 فیصد زیادہ تیزی سے اُگتی ہے۔ اوپر تلے 3 درازوں والا الماری جیسا ایک نظام (وال فارم سسٹم) 799 ڈالر میں کمپنی کی ویب سائٹ سے براہِ راست خریدا جاسکتا ہے جب کہ اس قسم کی صرف ایک علیحدہ ٹرے 199 ڈالر میں دستیاب ہے۔ البتہ اس میں پودوں اور خصوصی محلول کی قیمت شامل نہیں؛ یہ آپ کو علیحدہ سے خریدنا پڑیں گے۔