مسلح افواج کا بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا عزم، قوم ساتھ ہے

2017 ,مئی 25



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کے ترجمان نے بھارت کے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے کہ بھارتی فوج نے راجوڑی سیکٹر میں پاکستان کی ایک چوکی تباہ کر دی۔ میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئیٹ میں مزید کہا کہ بزدل دشمن ایل او سی پر صرف معصوم شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔

بھارت کے راجوری سیکٹر میں چوکی تباہ کرنے کا دعویٰ اس سرجیکل سٹرائیک کے دعوے جیسا ہے جو اوڑی حملہ میں کشمیری حریت پسندوں کی جانب سے سوئے ہوئے بھارتی فوجیوں کو اڑا دینے کے جواب میں کیا گیا تھا۔ اسکے جواب میں اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا تھا کہ ”بھارت کو پتہ ہی نہیں سرجیکل سٹرائیک کیا ہوتی ہے۔ پاکستان نے سرجیکل سٹرائیک کی تو بھارت اپنی نسلوں کو بتانے کیلئے نصاب کا حصہ بنائے گا۔ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت 75 ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ سرحدوں پر دشمن کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ بھارت نے گزشتہ دنوں سرجیکل سٹرائیک کی ایک بار پھر دھمکی دی جسکے جواب میں پاک فضائیہ مزید چوکس ہو گئی ۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے فارورڈ آپریشنل ائر بیس کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، دشمن نے ایڈوانچر کی کوشش کی تو پاکستان ائر فورس ایسا جواب دیگی کہ اس کی نسلیں یاد رکھیں گی۔ دشمن کی مہم جوئی کی صورت میں قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے، ایسی قوم کا مقابلہ کرنا دشمن کیلئے ممکن نہیں ہوتا جو اپنی فوج کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہو۔بھارت حالات کو جنگ کی طرف لے جا رہا ہے۔ جنگ ہوئی تو تباہ کن ہو گی جس کے خطے میں نہیں‘ پوری دنیا پر برے اثرات مرتب ہونگے اسلئے عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ جنگ کی بنیاد کو ختم کرے۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ حل طلب تنازعہ کشمیر کا ہے۔ دفتر خارجہ نے بجا طور پر کہا ہے کہ بھارت دہشتگردی کا شکار نہیں ہے۔ وہ دہشتگردی کر رہا ہے اور عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کرائے۔

متعلقہ خبریں