ایپل نے خود کار گاڑیاں بنانے کی تصدیق کر دی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 04, 2016 | 20:18 شام

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک):ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے پہلی بار تصدیق کی ہے کہ وہ خودکار گاڑی بنانے میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ایپل نے امریکی ٹرانسپورٹ کے حکام کو ایک خط میں لکھا ہے کہ وہ کئی شعبوں، بالخصوص ٹرانسپورٹ میں ’خودکار نظاموں کے امکانات کے بارے میں پرجوش ہے۔'اس نے کہا ہے کہ خودکار گاڑیوں کے خاطرخواہ سماجی فوائد ہیں جن سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ایسی افواہیں خاصے عرصے سے گردش کر رہی تھیں کہ ایپل خودکار گاڑی بنا رہی ہے لیکن اس نے پہلی بار باضابطہ طور پر اس کی تصدیق کی ہے۔ایپل نے حال ہی میں

ایسے کئی انٹرنیٹ ڈومین نیم رجسٹر کروائے ہیں جن کا تعلق گاڑیوں سے ہے، مثلاً  ایپل کار اور ایپل آٹو ۔ایپل کے ترجمان نے کہا کہ نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کو لکھے جانے والے خط کا مقصد 'مصنوعی ذہانت اور خودکار نظاموں میں بھاری سرمایہ کاری' کے بارے میں بتنا تھا۔پانچ صفحات پر مبنی خط میں ایپل نے انضباطی ادارے سے کہا ہے کہ وہ خود چلنے والی گاڑیوں پر زیادہ قدغنیں نہ لگائے اور 'پہلے سے قائم شدہ صعنت کاروں اور نئے آنے والوں کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے۔'اس نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ کمپنیاں حادثات کے بارے میں اعداد و شمار کا اشتراک کریں تاکہ ساری کمپنیاں مل کر ان کی روشنی میں زیادہ محفوظ نظام تیار کر سکیں۔تاہم اس نے کہا ہے کہ کسی فرد کی نجی معلومات کا تبادلہ نہیں ہونا چاہیے۔گوگل کی خودکار گاڑی پہلے ہی سے سڑک پر ہے۔ اکتوبر میں کار کمپنی ٹیسلا نے اعلان کیا تھا کہ اس کی تمام گاڑیوں میں خود کار نظام نصب ہو گا۔