یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 12, 2016 | 08:45 صبح

لاہور (مانیٹرنگ ) ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے ۔ نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے رفقا کی اسلام کی سربلندی اور حق و صداقت کیلئے دی گئی قربانیوں کی یاد میں شہر شہر جلوس نکالے جا رہے ہیں ۔ ہرآنکھ پرنم ہے اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے ۔ کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو نمائش ، ایمپریس مارکیٹ ، ریگل ، تبت
سینٹر ، جامع کلاتھ اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا ۔ جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد موجود ہے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔ لاہور نثار حویلی میں رات گئے شبیہہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا ۔ جلوس میں شریک عزاداروں کیلئے سبیلیں اور نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ پشاورمیں بھی یوم عاشور کے سلسلے میں شبیہہ ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں جس میں شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقید ت پیش کیا جا رہا ہے ۔ کوئٹہ میں یوم عاشور کا جلوس ساڑھے نو بجے علمدار روڑ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اپنی منزل پر اختتام پذیر ہوگا ۔ فیصل آباد میں بھی شبیہہ ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے ۔ اسلام آباد میں شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس دن بارہ بجے برآمد ہوگا ۔ ملتان ، حیدر آباد ، روہڑی ، نوابشاہ ، خیرپور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ۔