اظہرعلی ون ڈے کرکٹ میں تین سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بن گئے
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 05, 2016 | 17:25 شام

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستانی ٹیم کے کپتان اور اوپننگ بلے باز اظہرعلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں شاندار سنچری داغ دی، یہ ان کے کیریئر کی تیسری سنچری ہے، اس کے ساتھ ہی اظہرعلی بطور کپتان تین ون ڈے سنچریاں بنانے والے پاکستانی پلیئر بھی بن گئے ہیں۔
گزشتہ روز کھیلے گئے سیریز کے آخری ون ڈے میں اظہرعلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کالی آندھی کے باؤلرز کی خوب دھنائی کی اور شاندار سنچری مکمل کی، یہ ان کے کیریئر کی تیسری سنچری ہے، اس کے ساتھ ہی وہ ون ڈے میں تین سنچریاں بنانے والے پ
ہلے پاکستانی کپتان بھی بن گئے ہیں۔انہوں نے ملک کی طرف سے ون ڈے کرکٹ میں بطور کپتان زیادہ سنچریاں بنانے کا انضمام الحق اور شاہد خان آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا، انضمام اور آفریدی نے دو، دو سنچریاں بنا رکھی تھیں۔
اس کے علاوہ اظہر نے بطور کپتان زیادہ بار اننگز میں 75 یا زائد رنز بنانے کا مصباح الحق کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا، دونوں کپتانوں کو سات، سات بار یہ کارنامہ انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے، مصباح نے 83 اننگز جبکہ اظہر نے 28 اننگز کھیل کر یہ اعزاز پایا۔