بارش کے باوجود اظہر علی نے میدان ماڑ لیا۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 27, 2016 | 17:46 شام

میلبرن(مانیٹرنگ ڈیسک):پاکستان نے اظہرعلی کی شاندار سنچری کے نتیجے میں آسٹریلیا کے خلاف میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے دن 310 رنز بنائے تھے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔اظہرعلی نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی بارہویں سنچری سکور کی۔ وہ بارہ چوکوں کی مدد سے 139 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ان کے ساتھ محمد عامر 28 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔بارش کی وجہ سے دوسرے دن بھی کھیل متاثر ہوا اور صرف 50 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔واضح رہے کہ پہلے دن 39 اوورز بارش کی وجہ سے ضائع ہوئے تھے۔دوسرے روز پاکستان نے 142 رنز چار کھلاڑی آؤٹ

پر اپنی پہلی اننگز شروع کی۔ اظہرعلی اور اسد شفیق نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 115 رنز کا اضافہ کیا۔اسد شفیق جنھوں نے برسبین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاندار 137 رنز بنائے تھے، اس بار نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد جیکسن برڈ کی گیند پر سلپ میں اسمتھ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ اس وقت پاکستان کا سکور 240 رنز تھا۔اٹھائیس رنز کے اضافے پر پاکستان کو چھٹا نقصان بھی اٹھانا پڑا جب ہیزل ووڈ نے10 رنز بنانے والے سرفراز احمد کو سلپ میں رینشا کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔یہ ہیزل ووڈ کی ٹیسٹ میچوں میں 99 ویں وکٹ تھی۔آسٹریلیا نے یہ دونوں وکٹیں نئی گیند لینے کے بعد حاصل کیں۔اظہرعلی اور محمد عامر اعتماد سے بیٹنگ کرتے ہوئے سکور میں 42 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوگئے کہ بارش کی وجہ سے کھیل ایک بار پھر روکنا پڑا جس کے بعد میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔محمد عامر جنھوں نے برسبین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں مستند بیٹسمین کی طرح بیٹنگ کی تھی اس بار بھی پراعتماد انداز میں کھیلے ہیں اور اب تک اپنی اننگز میں چھ چوکے لگا چکے ہیں۔آسٹریلیا نے اسد شفیق کے خلاف ریویو بھی ضائع کیا جب جیکسن برڈ کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کی اپیل پر اسمتھ نے ریویو لیا لیکن گیند بلے سے نہیں لگی تھی۔اسی اوور میں تھرڈ امپائر نے اظہرعلی کو غلطی سے رن آؤٹ بھی قرار دے دیا لیکن فوراً ہی تصحیح کرلی۔کپتان اسمتھ کے لیے دو وکٹیں حاصل کرنے کے باوجود یہ خاصا سخت دن رہا اور انھیں چھ بولرز استعمال کرنے پڑے جن میں وہ خود بھی شامل تھے۔تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ اس نے برسبین میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ 39رنز سے جیتا تھا۔