پے در پے ریکارڈ بنانے والے بابر اعظم نے سب کو حیران کر دیا۔
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 10, 2017 | 17:35 شام
گیانا(مانیٹرنگ ڈیسک): پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم نے ریکارڈ بک الٹ پلٹ دی وہ کرکٹ ہسٹری میں کم ترین اننگز میں 5 سنچریز بنانے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں جب کہ وہ 25 اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔ بابراعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ناقابل شکست سنچری بناتے ہوئے نہ صرف ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا بلکہ کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کیے۔ 125 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے کے بعد وہ 25 اننگز میں 5 سنچریز بنانے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔جنوبی افریقہ کے کوانٹن ڈی کاک 19 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرکے فہرست میں ٹاپ پر موجود ہیں۔ بابر اعظم 25 اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں، گزشتہ روز سنچری کے ساتھ ہی ون ڈے میں ان کا مجموعی اسکور 1306 رنز ہو گیا ہے جو کہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ ہے۔22 سالہ بیٹسمین ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھی سنچری بنا کر کالی آندھی کے خلاف سب سے زیادہ سنچریز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔بابر اعظم نے ورلڈ ریکارڈ بک میں اپنی کئی جگہوں پر قدم جما لیے ہیں۔