بس اس وزیر کی عمران پر گرجنے اور برسنے کی کسررہ گئی تھی،نواز شریف فیملی کی پاک دامنی کی قسم کھائی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 02, 2016 | 18:54 شام

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کو سیاسی و معاشی طورپر غیر مستحکم کرنے کے ایجنڈے پر کام کیا ہے ،عمران خان کے تمام الزامات غلط بیانی اور سنی سنائی باتوں پر مشتمل ہیں،دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کی طرح سپریم کورٹ سے بھی سرخرو ہونگے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق ا نہوں نے کہاکہ عمران خان نے پچھلے ساڑھے تین کی اپنی سیاست میں محض احتجاج اور دھرنے کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے جس کا خود اُن کی

اپنی جماعت اور صوبہ خیبر پختونخوا کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے ملک دشمن طرز عمل کے باعث آج صوبہ خیبر پختونخوا ترقی وخوشحالی کی دوڑ میں کافی پیچھے رہ گیا ہے ، جب سے تحریک انصاف اس صوبے میں برسر اقتدار آئی ہے تب سے صوبے میں کوئی میگا پروجیکٹ شروع نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی طرز سیاست کی وجہ سے آج صوبہ خیبر پختونخوا کی عوام اور تحریک انصاف کے سیاسی کارکن شدید مایوسی اور اضطراب کا شکار ہیں او ر اس وجہ سے آئندہ عام انتخابات کے قریب تحریک انصاف شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگی ۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کی طرح وزیر اعظم اور اُن کا خاندان سپریم کورٹ میں بھی سرخرو ہوگا، عمران خان کو اپنے غلط اور بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر نہ صرف شرمندگی اور ندامت کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ اس سے عمران کی سیاست کا بھی ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہوجائے گا ۔