برطانیہ (شفق ڈیسک) زندگی کو ہر لمحہ انجوائے کرنیوالے افراد نہ صرف زیادہ بہتر جیتے ہیں بلکہ انکی عمریں بھی طویل ہوتی ہیں۔ یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ یہ بات تو پہلے ہی ثابت ہوچکی ہے کہ خوشی اور مثبت سوچ صحت کیلئے اچھی ہے۔ مگر پہلی بار یہ بات سامنے آئی ہے کہ درحقیقت اس سے زندگی بھی طویل ہوتی ہے۔ لندن کالج یونیورسٹی کی تحقیق کے دوران 2002ء سے 2013ء تک ہزاروں معمر مرد و خواتین کا جائزہ لے کر یہ نتیجہ نکالا گیا کہ خوش باش زندگی حقیقی معنوں میں عمر پر
اثرانداز ہوتی ہے۔ تحقیق کیمطابق مثبت سوچ اور زندگی میں اطمینان لمبی عمر کے لیے بہت ضروری ہے اس سے قبل رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ مثبت جذبات صحت کے لیے بہتر ہوتے ہیں، یہ بس ایک پہلو تھا مگر اب اس کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ تحقیق کے دوران محققین نے 10 ہزار کے لگ بھگ افراد سے تین مرحلوں میں ہر دو سال بعد ایک جیسے سوالات کئے اور 7 سال بعد یہ نتیجہ نکالا کہ زندگی سے لطف اندوز ہونا کسی بھی سبب موت کا خطرہ کم کردیتا ہے۔ محققین کا دعویٰ تھا کہ اپنی زندگی سے مطمئن افراد میں جلد موت کا خطرہ 17 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین کے اندر زندگی سے لطف اندوز ہونے اور مثبت سوچ کا عنصر زیادہ پایا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انکی زندگیاں اکثر طویل ہوتی ہیں۔ یہ تحقیق طبی جریدے برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہوئی۔