بلاول کا یوم عاشورہ پر پیغام

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 11, 2016 | 17:25 شام

 

کراچی(مانیٹرنگ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین سمیت سانحہ کربلا کے تمام شہیدوں نے ناانصافیوں اور ظلم کے خلاف حق کا علم بلند کیا اور اپنی قیمتی جانوں کا نظرانہ پیش کر کے انسانیت اور اسلام کے وقار اور شان کو سربلند کیا۔یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سانحہ کربلا جیسا واقعہ انسانی تاریخ میں نہیں ملتا جو دلوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتا ہے، یہ معرکہ حق اور باطل

کے درمیان تھا جس میں حضرت امام حسین اور اُن کے ساتھیوں نے قربانیاں دے کر اسلام اور انسانیت کو بچایا، ہمیں اُن کی تعلمیات پر عمل پیرا رہتے ہوئے حق کی جدوجہد کرنا ہوگی۔

 انہوں نے کہا کہ اہل بیت کی قربانیاں ہمیں اس بات کا درس دیتی ہیں کہ ہم چاہیے تعداد میں کم ہوں یا زیادہ، مگر ظلم، وبربریت اور ناانصافی کے خلاف ہمیں آخری سانس تک لڑنا ہو گا جو حق کی علامت ہے۔

سانحہ کربلا ہمیں اتحاد، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس واقعے نے ہمیں یہ بھی پیغام دیا کہ ظالم چاہیے کتنا ہی طاقت ور کیوں نہ ہو ہمیں ہمیشہ بہادری اور ثابت قدمی سے اُس کا مقابلہ کرنا ہے کیونکہ یہ فتح ہمیشہ حق کی ہی ہوتی ہے‘‘۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’’قوم کو باطل قوتوں کے مقابلے میں اتحاد برقرار رکھنا چاہیے کیونکہ آج بھی باطلوں کے آلہ کار عوام کو فرقوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور دہشت گردانہ کارروائیوں سے اپنے نظریات معصوم لوگوں پر تھوپنے کی کوشش کررہے ہیں‘‘۔