ترکی جرمنی میں دھماکے ایک شخص ہلاک کھلاڑی سمیت 6زخمی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 12, 2017 | 06:04 صبح
استنبول ، برلن (مانیٹرنگ ڈیسک): ترکی کے جنوب مشرقی شہر دیار باقر میں پولیس کمپائونڈ میں دھماکہ سے ایک شخص ہلاک جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق دھماکہ انسداد ہنگامہ آرائی کورس کے ہیڈ کوارٹرز کے قریب ورکشاپ میں ہوا۔ ترک وزیر داخلہ سلیمان سوٹیلو کا کہنا ہے کہ پولیس کمپائونڈ میں ایک گاڑی کی مرمت کا کام جاری تھا کہ اسی دوران اچانک دھماکہ ہو گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی گاڑیوں کی مرمت کی جانیوالی بلڈنگ میں گزشتہ روز اچانک دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجہ میں چھت گر گئی اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء چیمپئنز لیگ فٹ بال کے میچ کیلئے گرائونڈ آنے والی جرمنی کی کلب ٹیم بروشیا ڈورٹمنڈ کی بس کے قریب تین دھماکے ہوئے جس سے ایک کھلاڑی زخمی ہو گیا دھماکوں میں اسپین سے تعلق رکھنے والے دفاعی کھلاڑی مارک بارٹرا زخمی ہو گئے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ٹیم کے ترجمان نے بتایا کہ بس میں ٹیم میچ کھیلنے کیلئے ہوٹل سے اسٹیڈیم کی جانب روانہ ہوئی تو اسی دوران بس کے قریب تین دھماکے ہوئے جس سے ایک کھلاڑی زخمی ہو گیا رائٹرز کے مطابق ڈورٹمنڈ پولیس نے تصدیق کی کہ ٹیم کی بس کے قریب تین دھماکے ہوئے دھماکوں کی وجہ سے بس کو بھی نقصان پہنچا ہے اور میچ کو منسوخ کر دیا گیا جو آج کھیلا جائے گا ٹیم کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا ہے کہ ان کی ٹیم کے بقیہ تمام کھلاڑی محفوظ ہیں۔