مچھلی سے بیماری کا علاج
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 23, 2016 | 16:19 شام
برازیلیا (شفق ڈیسک) یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ مچھلی ایک بہترین غذا ہے لیکن برازیل کے سائنسدانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ آگ سے جھلسے ہوئے مریضوں کے علاج کیلئے بھی اس سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ برازیلی ڈاکٹروں نے میڈیکل کی تاریخ میں پہلی بار جھلسی ہوئی جلد کے علاج کیلئے مچھلی کی جلد استعمال کی ہے، اور یہ تجربہ حیرت انگیز حد تک کامیاب رہا ہے۔ رپورٹ کیمطابق یہ منفرد طریقہ علاج ایک 36 سالہ خاتون ماریہ ڈی سلوا کیلئے استعمال کیا گیا، جنکی جلد پریشر ککر پھٹنے سے بری طرح جھلس گئی تھی۔ ماریہ کا کہنا ہے کہ ان کے بازوؤں، گردن اور چہرے کے کچھ حصے کی جلد جھلس جانے سے وہ بدترین تکلیف میں مبتلا تھیں۔ ڈاکٹروں نے ان کی جلد پر معمول کی ادویات اور کریمیں لگانے کی بجائے اس پر تازہ پانی کی مچھلی تلاپیا (Tilapia) کی جلد لپیٹ دی۔ عام طور پر جھلسنے والے مریضوں کی پٹی روز تبدیل کرنا پڑتی ہے، جو ان کیلئے بے پناہ تکلیف کا باعث ہوتی ہے، لیکن مچھلی کی جلد مریضہ کے جسم پر 11 دن تک اور کچھ حصوں پر 20 دنوں تک لپٹی رہی۔ بالآخر مچھلی کی جلد اتاری گئی تو سب یہ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے کہ مریضہ کے زخم بڑی حد تک مندمل ہوچکے تھے۔ ڈاکٹروں نے یہ تجربہ برازیل کے سائنسدانوں ڈاکٹر اوڈریکو موریس، پروفیسر الیزبتھ موریس اور ڈاکٹر اینا پالا کی تحقیقات کی روشنی میں کیا۔ یونیوورسٹی آف کیارا کے ان سائنسدانوں نے اپنی تحقیق میں ثابت کیا تھا کہ تلاپیا مچھلی کی جلد میں بیماری سے بچاؤ اور جراثیموں کو ہلاک کرنیکی غیر معمولی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ خصوصاً اس میں کولیجن نامی مادے کی آئیڈیل مقدار پائی جاتی ہے جو انسانی جلد کیلئے بہت موزوں ہے۔ ماریہ ڈی سلوا نئے طریقہ علاج سے بے حد خوش ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا میرے لئے مچھلی کی جلد سے علاج غیر معمولی نعمت ثابت ہوا ہے۔ مجھے یہ طریقہ علاج بے حد پسند آیا ہے اور میں تو کہوں گی کہ میری طرح حادثے کا شکار ہونے والے ہر فرد کو یہ علاج میسر ہونا چاہیے۔