2018 ,نومبر 25
لندن(مانیٹرنگ رپورٹ)برطانیہ میں سیاستدانوں کا ایک گروپ ملک کی یورپی یونین سے علیحدگی کا حامی ہے اور ایک مخالف۔ حامی گروپ کو اپنی جاسوسی کیے جانے کا خطرہ درپیش رہتا ہے اور اب ایک سیاست دان نے اس خطرے سے بچنے کے لیے اپنے موبائل فون کو رات کے وقت ایسی جگہ رکھنے کا انکشاف کر دیا ہے کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق سٹیوبیکر نامی اس ایم پی نے بتایا ہے کہ وہ رات کو اپنا فون مائیکروویو میں رکھ کر سوتے ہیں تاکہ ممکنہ جاسوسی سے بچ سکیں۔
سٹیو بیکر نے برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلاءکے حامی دیگر ایم پیز سے بھی کہا ہے کہ ” موبائل فونز کو مائیکروویوز میں رکھ کر سویا کریں اور کھلے عام فون پر بات مت کیا کریں کیونکہ ان کے ہونٹوں کی حرکت سے بھی جاسوس معلوم کر سکتے ہیں کہ وہ کیا بات کر رہے ہیں۔اس کے لیے ہمارے مخالف سی سی ٹی وی کیمرے بھی استعمال کر رہے ہیں۔“رپورٹ کے مطابق سٹیو بیکر کا تعلق ایم پیز کے اس گروپ سے ہے جس نے گزشتہ ہفتے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے وزیراعظم تھریسامے کی حکومت ختم کرنے کی بھی کوشش کی تھی اور وہی اس اقدام کی سربراہی کر رہے تھے، تاہم تجزیہ کاروں کے رائے کے مطابق ان کی غلط ٹائمنگ کی وجہ سے انہیں کامیابی نہیں مل سکی، کیونکہ جب انہوں نے جب کام کیا اس وقت ڈیوڈ ڈیوس، اوین پیٹرسن، برنارڈ جینکن اور ڈیوڈ جونز سمیت کئی ایسے ایم پیز ملک سے باہر تھے جو برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلاءچاہتے ہیں۔