یہ تصویر کھینچنے کے تھوڑی ہی دیر بعد اس نوجوان لڑکی کے ساتھ کیا کام ہوگیا؟ جان کر آپ کی بھی آنکھیں بھر آئیں گی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اگست 18, 2017 | 20:51 شام

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) نوجوان برطانوی لڑکی وکی وینس نے چند دن قبل یہ تصویر بنائی، جس میں ان کی دلکش مسکراہٹ زندگی سے بھرپور دکھائی دیتی ہے، مگر قسمت کی ستم ظریفی دیکھئے کہ یہ تصویر بنانے کے محض چند گھنٹے بعد ہی ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ وہ پھیپھڑے کے خطرناک کینسر میں مبتلا ہیں۔ 

دی انڈیپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق 30 سالہ وکی ڈیڑھ سال قبل بھی ڈاکٹر کے پاس گئی تھیں لیکن اس نے ان کی بیماری کو دمہ قرار دیا اور وہ اس بیماری کی ادویات استعمال کرنے لگیں۔ اب یہ خوفناک انکشاف ہوا ہے کہ ان کی بیماری دمہ نہیں بلکہ کینسر تھی۔ وکی نے ایک فیس بک پوسٹ میں اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرتے ہوئے لکھا ’’شاید یہ پوسٹ بہت سے لوگوں کو افسردہ کر دے۔ میں نے جب مسکراتے ہوئے یہ تصویر بنائی تو اس کے چند گھنٹے بعد مجھے بتایا گیا کہ میں کینسر میں مبتلا ہوں۔ میری عمر 30 سال ہے، میں فزیکل فٹنس انسٹرکٹر ہوں، سگریٹ نہیں پیتی ہوں اور کھانے پینے میں بھی ہر ممکن احتیاط کرتی ہوں۔ جب آپ کینسر جیسی بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں تو ضروری نہیں ہے کہ بیرونی طور پر بھی آپ کو اس کی علامات نظر آرہی ہوں۔ اس خطرناک بیماری کی علامات دراصل غیر محسوس اندازمیں رونما ہوسکتی ہیں جس کی وجہ سے بعض اوقات آپ کو گمان تک نہیں گزرتا کہ آپ اس کا شکار ہیں۔ 
میں آپ سب سے کہنا چاہوں گی کہ ہر بیماری کی علامات کو انتہائی سنجیدگی سے لیں اور اگر آپ کا دل ایک معالج سے معائنہ کروانے کے بعد مطمئن نہ ہو تو کسی اور معالج کے پاس ضرور جائیں۔ بدقسمتی سے 18 ماہ قبل ڈاکٹر نے میرے سانس کے مسائل کو دمہ قرار دے دیا اور میں نے بھی مزید مشاورت کی ضرورت محسوس نہیں کی۔ مجھے کبھی محسوس بھی نہیں ہوا تھا کہ میں کینسر جیسے مرض میں مبتلاء ہوں، لیکن اب یہ حقیقت میرے سامنے ہے۔ یہ چند دن میرے لئے جذباتی طور پر بے حد بھاری اور تکلیف دہ تھے لیکن اب اس بیماری سے لڑنے کا وقت آچکا ہے۔ شاید بہت تاخیر ہوگئی ہے، لیکن پھر بھی جہاں تک میری ہمت ساتھ دے گی میں اس کے ساتھ لڑوں گی۔‘‘