بیٹری سے چلنے والی سستی ترین گاڑی پاکستان میں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 14, 2017 | 05:00 صبح

لاہور(مانیٹرنگ)سپر پاور ان برانڈرز میں سے ایک ہے جنھوں نے سب سے پہلے الیکٹرک یا برقی موٹرسائیکلیں پاکستان میں متعارف کرائیں اور اب وہ ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کو پیش کرنے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں موٹرسائیکل برانڈ کے حوالے سے معروف کمپنی سپر پاور نے اپنی دو الیکٹرک گاڑیاں گزشتہ دنوں کراچی ایکسپو سینٹر میں ایک نمائش کے دوران پیش کیں۔

این جے آٹو انڈسٹریز کے مارکیٹنگ ایگزیکٹو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کو توقع ہے کہ آئندہ تین ماہ کے دوران ان الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت شروع ہوجائے گی۔انہوں نے کہا ' اس کی ٹارگٹ مارکیٹ مخصوص نہیں، ہر عمر کے افراد اس گاڑی کو چلا سکتے ہیں، ہمارا ماننا ہے کہ ای گاڑیوں کی مارکیٹ آئندہ برسوں میں تیزی سے پھیلے گی اور اسی لیے ہم نے اس شعبے میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا'۔ان گاڑیوں کے دو ورژن متعارف کرائے گئے ہیں، ایک دو دروازوں جبکہ دوسرا چار دروازوں والا ہے۔

پہلے کی قیمت چھ لاکھ اور دوسرے کی ساڑھے چھ لاکھ ہے اور یہ آئندہ تین ماہ میں پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔یہ گاڑیاں زیادہ سے زیادہ 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکیں گی جبکہ 7 گھنٹے چارج کرنے پر یہ 120 کلو میٹر تک کا فاصلہ طے کرسکتی ہیں۔ان گاڑیوں میں بارہ وولٹ کی ایک بیٹری ہے جسے کسی یو پی ایس کی طرح گھروں میں چارج کیا جاسکتا ہے۔کمپنی کے مطابق پاکستانی گھرانوں کی حالت اور انفراسٹرکچر کی کمی کو دیکھتے ہوئے یہ ضروری تھا، اس سے لوگوں کو کسی باہری اسٹیشن یا ڈوک پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔