سی پیک تیس ارب ڈالر کے منصوبوں کو عملی شکل دی جاچکی

2016 ,دسمبر 27



بیجنگ (شفق ڈیسک) منصوبہ بندی اور ترقیات کے وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اب تک 30 ارب ڈالر کے منصوبوں کو عملی شکل دی جاچکی ہے۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق چین کے دارالحکومت بیجنگ کی پیکنگ یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاک چین صنعتی تعاون پاکستان میں معاشی انقلاب ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ’چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک پٹی ایک سڑک کا عظیم منصوبہ ہے جو پورے خطے میں رابطہ پیدا کرے گا، اور اس کے تحت اب تک 30 ارب ڈالر کے منصوبوں کو عملی شکل دی جاچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کے چھٹے اجلاس میں نئے منصوبوں کی شمولیت سے ملک میں سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا، اقتصادی راہداری کے معاشی زونز سے سرمایہ کاری آئے گی اور ملک میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین مل کر ان قوتوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں گے جو چین۔ پاکستان اقتصادی راہداری کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی راہداری کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں کی حفاظت کیلئے نئی فورس بھی قائم کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں