مائیکرو فنانس پارٹنر شپ کا طریقہ کار سید بدر سعید سے سیکھیں

2017 ,اگست 25



میں بہت عرصہ قبل یہ بات سمجھ گیا تھا کہ اس دنیا میں اب ون مین شو نہیں چلے گا ۔ یہاں آپ نے کامیاب ہونا ہے تو آپ کو ایک مکمل ٹیم ورک کے ساتھ چلنا ہو گا ۔ میری طرح کے مڈل کلاسیوں کو خاص طور پر ایک دوسرے کا سہارا بن کر مضبوط بننا ہو گا۔ مائیکرو فنانس بزنس کے حوالے سے میری تحریر پر کئی دوستوں نے رابطہ کیا ۔ مجھے پہلی بار محسوس ہوا کہ بہت سے دوست یہ سمجھتے ہیں کہ اگلے 5 برسوں میں انہیں ملازمت کی بجائے اپنے کاروبار میں ہونا چاہئے یا ملازمت کے ساتھ ساتھ سائیڈ بزنس ہونا ضروری ہے ۔ ان کا مسئلہ یہی تھا کہ ملازمت پیشہ افراد کی طرح ان کے پاس سرمایا یا تو بالکل نہیں ہے یا پھر محدود سی جمع پونجی ہے جس سے کم از کم کاروبار شروع نہیں کیا جا سکتا ۔ انہیں مائیکرو فنانس پارٹنر شپ بزنس کا ائیڈیا پسند آیا ہے ۔ کچھ دوستوں نے کہا کہ ان کا سرمایا بھی کاروبار میں شامل کر لوں ، کچھ نے کہا کہ وہ کمیٹی ڈال رہے ہیں اور اگلے کسی پراجیکٹ میں انہیں ساتھ شامل کر لوں ۔ ان سب دوستوں سے گزارش ہے کہ مائیکرو فنانس پارٹنر شپ محدود سرمایا سے آپ کو بزنس میں داخلے کا راستہ تو فراہم کرتا ہے لیکن یہ تب تک کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک آپ خود ہر روز کم یا زیادہ لیکن خود اسے وقت نہ دیں ۔ پارٹنر شپ کا سب سے اہم اصول یہی ہوتا ہے کہ آپ کو اپنے پارٹنرز پر اعتماد ہو اور آپ سب پارٹنرز ہر روز کم از کم ایک چکر لگا کر ہر روز کا حساب لازمی چیک کریں ۔ میں نے ذاتی طور پر اپنے ساتھیوں کو یہ آئیڈیا دیا تھا کہ جو سب سے پہلے جا کر خریداری کے معاملات دیکھے گا وہ اس کھاتے کی ایک تصویر بنا کر پارٹنرز کے گروپ میں واٹس ایپ کر دے گا اور جو سب سے آخر میں جا کر تالہ بندی کرے گا وہ سارے دن کے کھاتے کی ایک تصویر گروپ میں واٹس ایپ کر دے گا ۔ جبکہ سبھی پارٹنرز ہر روز خود بھی دو چار گھنٹے کا ٹائم دیں گے تاکہ سب کو پتا ہو کہ کیا صورت حال چل رہی ہے ۔ آپ بھی یہی کلیہ اپنا سکتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ اگلے برس ہم اسے کمپنی کا درجہ دینے کا سوچ رہے ہیں ۔ یہ مختلف گروپس کا ایک اتحاد ہو گا ۔ مثلا ایک گروپ نے مائیکرو فنانس پارٹنر شپ کے تحت مرغی کے گوشت کی دکان کھولی ہے تو کمپنی کے جن جن گروپس کی برگر ، شوارمے وغیرہ کی دکانیں ہیں وہ سب اس چکن شاپ والے کے خریدار بن جائیں گے ۔ چکن شاپ والا صبح دکان کھولتے ہی سب کے آرڈرز تیار کر کے انہیں سپلائی بھیج دیا کرے گا اور پیسے جو جس طرح طے کرے گا (روزانہ ، ہفتہ وار یا مہینے بھر کا اکٹھا حساب ) اس حساب سے کھاتہ چلتا رہے گا ۔ چکن شاپ والے گروپ کو یہ فائدہ ہو گا کہ انہیں روزانہ کئے سرکل کا علم ہو گا کہ کم از کم ہر روز اتنا کلو چکن تو لازمی بکنا ہے ۔ برگر شاپ والوں کو یہ فائدہ ہو گا کہ انہیں اعتماد کے ساتھ مطلوبہ چکن ان کی دکان پر مل جایا کرے گا اور حساب کتاب کے طے شدہ کھاتے کے تحت ادائیگی کی وجہ سے روزانہ ادائیگی کی فکر نہیں رہے گی ۔ یہ سیٹ اپ بہرحال ہم اگلے سال لگائیں گے کیونکہ اسے تیار کرنے سے پہلے اس پر ہر حوالے سے مکمل پیپر ورک ضروری ہے ۔ آپ بھی اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر باہمی تعاون سے ایک دوسرے کے سیٹ اپ کو کامیاب کروا سکتے ہیں ۔ مائیکرو فنانس پارٹنر شپ کا بنیادی مقصد ہی ایک دوسرے کی مدد سے سب کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے

(سید بدر سعید)

متعلقہ خبریں