لاہور:(مانیٹرنگ) پاکستانی سیاست دان اپنے بارے میں تفصیلات منظر عام پر لانے سے کتراتے ہیں بالخصوص اثاثوں کے بارے میں تو کوئی بھی بتانا پسند نہیں کرتا۔ پاکستان کے مشہور سیاست دانوں کے اثاثوں کے بارے میں تو پتہ چلے نہ چلے البتہ ان کی تعلیمی قابلیت کے بارے میں تفصیلات ضرور سامنے آ گئی ہیں جو یقینا آپ کے لئے بھی حیران کن ہوں گی۔ مندرجہ ذیل تفصیلات
میں دیکھئے کہ کون سا سیاستدان کتنا پڑا لکھا ہے اور کون سی ڈگری کا حامل ہے۔ وزیراعظم نواز شریف: پاکستان کے موجودہ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کے نامور اداروں سے تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے کی ڈگری حاصل کی اور پھر پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری لی۔ صدر مملکت ممنون حسین: صدر مملکت ممنون حسین اپنے عہدے سے زیادہ اپنی خاموشی اور ”غائب“ رہنے کی صلاحیت سے پہچانے جاتے ہیں لیکن جناب تعلیمی میدان میں وہ بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں اور انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ الطاف حسین: بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے انگلینڈ سے بی فارمیسی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ عمران خان: کرکٹ دنیا میں تہلکہ مچانے کے بعد سیاست کی دنیا میں بھونچال پیدا کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان دھرنوں کے باعث خاصی شہرت حاصل کر چکے ہیں تاہم ان کی تعلیمی قابلیت بھی قابل رشک ہے جنہوں نے آکسٹورڈ یونیورسٹی سے فلاسفی، سیاست اور اکنامکس کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی آکسفورڈ یونیورسٹی سے ایم اے کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ طاہر القادری: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کی تعلیمی قابلیت پر کسی کو شک نہیں۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے اور اسلامی قوانین میں پی ایچ ڈی بھی کی ہے۔ شیخ رشید: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے حال ہی میں دبنگ انداز دکھا کر کافی نوجوانوں کی توجہ حاصل کی ہے۔ انہوں نے بھی پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ شیری رحمان: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماءشیری رحمان نے سمتھ کالج آف امریکہ سے آرٹ کی تاریخ اور یونیورسٹی آف سسیکس انگلینڈ سے سیاست کی تعلیم حاصل کی ہے۔ حناءربانی کھر: سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے یونیورسٹی آف میساچیوسیٹس امریکہ سے بزنس مینجمنٹ میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔