سینے کے آپریشن کے بعد مریض کے جسم سے ایسی چیز غائب ہوگئی کہ زندگی کا سب سے بڑا جھٹکا لگ گیا، جان کر آپ کی بھی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 11, 2017 | 20:25 شام

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) انسانی جسم کی چیر پھاڑ کرنے والے سرجن ڈاکٹروں کے کندھوں پر بہت بھاری ذمہ داری ہوتی ہے، اور خود کو ان کے حوالے کرنے والے مریضوں کے پاس ان پر مکمل بھروسے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔ عموماً اس بھروسے کا اچھا نتیجہ ہی نکلتا ہے، مگر کبھی کبھار ایسا بھی ہو جاتا ہے جیسا کہ اس چینی شہری کے ساتھ ہوا، جو بیچارہ آپریشن کے دوران گردہ گنوا بیٹھا اور کئی ماہ بعد بھی اس کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ ویب سائٹ شنگھائسٹ نے چینی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ شان ڈونگ شہر سے تعلق رکھنے والے شخص لیو یانگوے کو ایک حادثے کے بعد ہسپتال لیجایا گیا۔ شو زو میڈیکل سکول ہسپتال میں ان کا معائنہ سرجن ڈاکٹر ہو بو نے کیا۔ ڈاکٹر ہو نے لیو کے دل اور گردے پر آنے والے زخموں اور ٹوٹی ہوئی پسلیوں کامعائنہ کیا، جس کے بعد انہوں نے آپریشن کا فیصلہ کیا۔ ڈاکٹر ہو نے آپریشن کے دوران مریض کے گردے کے معائنے کا بھی فیصلہ کیا۔ وہ دل اور پھیپھڑوں کے سپیشلسٹ ہیں مگر انہوں نے مریض کے دائیں گردے کو بھی معائنے کے لئے سینے سے باہر نکال لیا، جو کہ یورینری سپیشلسٹ کا کام تھا۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ہو نے گردے کے معائنے کے بعد اسے دوبارہ اس کی جگہ پر لگادیا اور بعدازاں مریض کو تسلی و تشفی دے کر اگلے ہسپتال رخصت کردیا۔ دوسرے ہسپتال پہنچنے پر لیو کا دوبارہ معائنہ کیا گیا اور انہیں یہ حیرت انگیز بات بتائی گئی کہ ان کا دایاں گردہ غائب تھا۔ اس ہسپتال نے ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں اپنے ہاں داخل کرنے سے انکار کردیا۔ لیو کو ایک تیسرے ہسپتال نے بھی یہی بتایا کہ ان کا گردہ غائب تھا اور انہیں واپس ڈاکٹر ہو کے پاس جانے کو کہا۔ جب لیو واپس پہنچا تو ڈاکٹر ہو نے ان کی بات سنی ان سنی کردی جبکہ ہسپتال نے بھی تعاون سے انکار کردیا۔ لیو کا کہنا ہے کہ وہ عدالت گئے جہاں سے انہیں پولیس کے پاس بھیج دیا گیا اور پولیس نے معاملہ ایک دفعہ پھر ہسپتال کے حوالے کردیا۔ ہسپتال نے بالآخر اس معاملے کی اندرونی تفتیش کا فیصلہ کیا لیکن کسی نتیجے پر پہنچے بغیر تفتیش بند کردی گئی۔ لیو کا کہنا ہے کہ کئی ماہ گزرچکے ہیں اور ان کے گردے کا کچھ پتہ نہیں چل رہا۔ انہوں نے یہ معاملہ میڈیا کے ساتھ شیئر کیا جس پر ایک ہنگامہ برپاہوگیا اور ان کا گردہ غائب کرنے والے ہسپتال کے خلاف مہم شروع ہوگئی ہے ۔ دوسری جانب ہسپتال نے اپنے تازہ ترین موقف میں کہا ہے کہ لیو کا گردہ غائب نہیں ہوا بلکہ سکڑ گیا ہے اور اتنا چھوٹا ہوگیا ہے کہ اس کا نظر آنا بھی مشکل ہوگیا ہے ۔ بیچارے لیو کو تاحال معلوم نہیں ہو سکا کہ ان کا گردہ نکال لیا گیا ہے، کہیں گم ہوگیا ہے، یا پھر سکڑ کر اتنا چھوٹاہوگیا ہے کہ نظر ہی نہیں آ رہا۔ان کو اس بات کا بہت افسوس اور دکھ ہے کہ بیماری کی حالت میں بھی ڈاکٹروں نے ان پر کوئی ترس نہ کھایا اور اپنے مفاد کے لیے اتنا گھناونا کا م کر دیا۔