سفید پوشاک والی گڑیا کے بارے میں خاتون نے ایسا واقعہ سنادیا کہ جان کر آپ کے بھی رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے

2017 ,جولائی 21



لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)ایک پیاری سی چینی گڑیا کسی کا کیا بگاڑ سکتی ہے، لیکن اگر آپ بھی ایسا سمجھتے ہیں تو برطانوی خاتون ڈیبی میرکس کی خوفزدہ کر دینے والی کہانی ضرور جان لیجئے جن کا کہنا ہے کہ ان کے گھر میں موجود ایک چینی گڑیا آسیب زدہ ہے اور اس نے ان کی زندگی عذاب بنا ڈالی ہے۔ 
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق 50 سالہ ڈیبی کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ گڑیا تین ہفتے قبل خریدی تھی لیکن اب اس سے جان چھڑوانے کے لئے بے چین ہیں۔ ڈیبی نے ڈر کے مارے گڑیا کو اپنے گھر کے ایک خالی کمرے میں رکھا تھا لیکن ان کا کہنا ہے کہ یہ رات کو سارے گھر میں گھومتی پھرتی ہے اور حتیٰ کہ اس نے ایک رات ڈیبی کے خاوند کیمرون کی ٹانگ پر اپنے ہاتھوں سے خراشیں بھی ڈال دیں۔ وہ کہتی ہیں کہ بیچارے کیمرون صبح اٹھے تو ٹانگ خراشوں سے بھری تھی اور وہاں گڑیا کے سوا کوئی بھی موجود نہ تھا۔ ا گرچہ یہ بات ناقابل یقین معلوم ہوتی ہے لیکن ڈیبی کا کہنا ہے کہ ان کے خاوند کی ٹانگ پر گڑیا کے ہاتھوں کے نشان ہیں۔

ڈیبی کی ایک سہیلی نے انہیں بتایا تھا کہ گڑیا واقعی آسیب زدہ ہے اور اسی کے کہنے پر انہوں نے اسے ایک صندوق میں بند کرکے گھر کے پچھلے برامدے میں رکھ دیا تھا۔ ڈیبی نے بتایا کہ انہوں نے اگلے دن صندوق کھول کر دیکھاتو گڑیا نے اپنے گلے کا ہار اتار کر ایک طرف رکھا ہوا تھا۔ وہ یہ منظر دیکھ کر اتنی خوفزدہ ہوئیں کہ صندوق کو بند کرکے وہاں سے بھاگ کھڑی ہوئیں۔


ڈیبی کہتی ہیں کہ وہ اس گڑیا کو خرید کر بہت پچھتارہی ہیں۔ انہوں نے اپنی سہیلی کے مشورے پر اسے آن لائن خرید و فروخت کی ویب سائٹ ای بے پر فروخت کیلئے پیش کردیا ہے۔ گڑیا کی فروخت کے اشتہار میں انہوں نے لکھا ہے ”یہ دنیا کی واحد سفید پوشاک والی گڑیا ہے جو مجھے پسند نہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ میں اسے چھونے سے بھی گھبراتی ہوں۔ یہ رات کو اٹھ کر گھر میں چہل قدمی کرتی ہے۔ ایک دفعہ تو اس نے فائر الارم بھی آن کردیا تھا۔ یہ میز کرسیوں پر اچھلتی کودتی ہے اورا س نے میرے خاوند کی ٹانگ بھی نوچ ڈالی ہے۔ میں نے اسے صندوق میں بند کرکے رکھا لیکن اس نے اپنے گلے سے ہار خود ہی اتار کر ایک طرف رکھ دیا۔ میں اسے صرف 25 پاﺅنڈ میں فروخت کیلئے پیش کررہی ہوں۔ اگر کوئی اسے خریدنے کی ہمت رکھتا ہے تو پلیز مجھ سے رابطہ کرے۔“

متعلقہ خبریں