ایسی گہری دوستی جس کی گواہی موت نے بھی دے دی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): بھارتی لیجنڈ اداکار ونود کھنہ اور فیروز خان کی آپس میں گہری دوستی تھی اور حیرت انگیز طور پر دونوں اداکاروں کی موت کی تاریخ، وجہ اور عمر بھی ایک ہی نکلی۔ آنجہانی اداکار ونود کھنہ نے فلمی کیرئیر 1968 میں فلم ’’من کا میت‘‘ سے شروع کیا اور ان کی آخری فلم 2015 میں ریلیز ہونے والی ’’دل والے ‘‘ثابت ہوئی۔ ونود کھنہ کو شہرت ہدایتکار و اداکار فیروز خان کی فلم ’’قربانی‘‘ سے حاصل ہوئی جس کے بعد دونوں اداکاروں نے فلم ’’دایاوان‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔دونوں اداکاروں کے درمیان وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دوستی بھی مضبوط ہوتی رہی اور ایک دوسرے کے قریبی ساتھی کہلانے لگے جب کہ یہی وجہ ہے کہ ونود کھنہ اپنے دوست فیروز خان کے انتقال کے بعد بیمار رہنے لگے تھے لیکن اب دونوں اداکاروں کی دوستی نے آخری وقت میں بھی ساتھ نبھایا ہے اور دونوں کا انتقال ایک ہی تاریخ 27 اپریل اور ایک ہی بیماری کینسر سے ہوا ہے۔فیروز خان 25 ستمبر 1939 کو بھارتی ریاست کرناٹک میں پیدا ہوائے اور پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث 70 سال کی عمر میں 27 اپریل 2009 کو انتقال کرگئے تھے جب کہ ونود کھنہ 6 اکتوبر 1946 کو پشاور میں پیدا ہوئے اور مثانے کے کینسر کے باعث 70 سال کی عمر میں ہی 27 اپریل 2017 کو چل بسے۔ ان کی موت نے فلم انڈسٹری میں موجود ہر شخص کی آنکھ نم کر دی۔