محسن ملت ڈاکٹر عبدالقدیر خان

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اگست 18, 2022 | 18:12 شام

ڈاکٹر عبدالقدیر کے بارے فضل حسین اعوان کی کتاب”ناکردہ گناہوں کا قیدی“ 2009ءمیں شائع ہوئی تو بہت مقبول ہوئی۔ اور جلد اس کا پہلا ایڈیشن فروخت ہوگیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے بھی کتاب کو پسند کیا اور کچھ تصیحات بھی بھجوائیں اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی طرف سے ڈاکٹر صاحب پر لگائے گئے الزامات کے جوابات بھی تھے۔ اسی دوران فضل اعوان صاحب کی ملاقات ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے معتمد ساتھی ڈاکٹر محمد فاروق سے ہوئی۔ وہ بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی طرح قید و بند کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ڈاکٹر م

حمد فاروق نے ڈاکٹر صاحب اور ایٹم بم کی تیاری کے مختلف مراحل کے حوالے سے بہت سے انکشافات کیے جو اس کتاب میں شامل کر دیئے گئے ہیں۔ کتاب کی اشاعت تکمیل کے آخری مراحل میں تھی کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا انتقال ہوگیا۔ ڈاکٹر صاحب کی حیات و خدمات کے حوالے سے یہ ایک مستند اور مفصل کتاب ہے۔ جس کے جلی ابواب یہ ہیں۔1 ۔ سراغ حیات: ڈاکٹر عبدالقدیر خان (محسن ملت) 2۔ ایٹم بم کیسے بنا؟ ایٹم بم کی کہانی3۔ محسن ملت ڈاکٹر عبدالقدیر خان مظلوم۔4 ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور مشرف کا عہد حکومت،5۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے پیغامات۔6۔ محسن ملت کا سفر آخرت۔7۔ یاد محسن ملت۔ ان ابواب میں بہت سے ذیلی عنوانات کے تحت نہایت تفصیلی مواد موجود ہے۔ کتاب کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ ایٹم بم کی تیاری کے سلسلے میں ذوالفقار علی بھٹو، غلام اسحاق خان، جنرل ضیاءالحق اور کن کن شخصیات کی سرپرستی و تعاون ڈاکٹر صاحب کو حاصل رہا۔ کیا مشکلات اور رکاوٹیں پیش آئیں، کن مراحل سے گزرنا پڑا۔ کیا کیا سازشیں ہوئیں، مشرف دور میں کس طرح ڈاکٹر صاحب کی کردارکشی کی گئی، نظر بندی کے دوران ڈاکٹر صاحب کو کن مسائل کا سامنا رہا۔ ڈاکٹر صاحب کی رحلت پر کس طرح تدفین کے حوالے سے شکوک پیدا کئے گئے۔ جس کی وجہ سے عوام کی اکثریت نماز جنازہ میں شرکت نہ کر سکی اور فیصل مسجد میں مختلف گروہوں میں کئی بار نماز جنازہ ادا کی گئی۔ کتاب میں موجود تفصیلات، مندرجات اور انکشافات کا مطالعہ کرکے کہا جا سکتا ہے کہ یہ اہم دستاویزات ہے اور مدتوں یاد رکھی جائے گی۔زیر نظر کتاب کے شروع میں عبدالقدیر خان کی کچھ یادگار تصاویں بھی شائع کی گئی ہیں۔ کتاب کے سرورق پر موجود عبدالقدیر خان کی مسکراتی تصویر کسی کا بھی دل موہ لیتی ہے اور ڈاکٹر خان کی خدمات پڑھ کر عش عش کرنے کا دل چاہتا ہے۔ لیکن افسوس کہ ان کی خدمات کے پیش نظر انہیںایک آزاد فضاءمیں سانس تک نہ لینے دیا گیا۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والی شخصیت آزادی کو ترستی اس جہان فانی سے کوچ کر گئی۔ اللہ پاک ان کے درجات بلند فرمائے۔ زیر نظر کتاب کی قیمت:1500 روپے ہے۔ یہ کتاب شفق ریڈنگز لاہور کی جانب سے شائع کی گئی ہے۔کتاب حاصل کرنے کے لیے0303-7705963 اس نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

(تبصرہ: تہذین طاہر۔لاہور)

٭٭٭