نوجوان نے عورت سے 80 لاکھ روپے لوٹ لئے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 01, 2016 | 18:17 شام

دبئی (شفق ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں ایک نوجوان نے خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ 47 ہزار درہم (تقریباً 80 لاکھ روپے) سے محروم کر دیا۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کیمطابق 29 سالہ بے روزگار نوجوان نے میرج بیورو میں خود کو معروف فٹ بالر ظاہر کیا اور کہا کہ اب وہ شادی کرنا چاہتا ہے۔ میرج بیورو نے اسے اپنی میسینجر ایپلی کیشن میں کنواروں کے گروپ میں شامل کر لیا جہاں اس سے شادی کی خواہش مند خاتون نے رابطہ کیا۔ اس نے خاتون سے تعلقات بڑھانے کے بعد اسے کہا کہ پہلے ہمیں کاروبار شروع کرنا چاہیے اس کے بعد

شادی کرینگے۔ چنانچہ اس نے کار واشنگ شاپ کھولنے کیلئے خاتون سے 2 لاکھ 47 ہزار روپے لئے اور پھر غائب ہو گیا۔ خاتون کے پولیس میں رپورٹ کروانے پر اسے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ عدالت میں خاتون کا کہنا تھا کہ بعد میں مجھے معلوم ہوا کہ اس کی منگنی ہو گئی ہے۔ اگلی ملاقات ہونے پر میں اسے کہا کہ تم نے مجھے دھوکہ دیا ہے۔ اس پر وہ مجھے دھمکیاں دینے لگا۔ اس نے کہا کہ اگر تم نے قانونی کارروائی کی تو میں تمہارے بھائیوں اور والدین کو بتا دوں گا کہ تمہارے مجھ سے تعلقات ہیں۔ دوران تفتیش یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزم ایک اور 23 سالہ لڑکی کو بھی شادی کا جھانسہ دے چکا ہے اور اس سے 10 ہزار درہم (تقریباً 2 لاکھ 85 ہزار درہم) ہتھیا چکا ہے۔