دنیا کی ایک اور بلند ترین عمارت متحدہ عرب امارات نے بنانیکا اعلان
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 12, 2016 | 15:38 شام

دبئی (شفق ڈیسک) بلند ترین عمارت کی تعمیر کا مقصد مستقبل میں مختلف شعبوں میں زیادہ جدت لانا ہے،حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد۔ متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی سیاحتی و تجارتی مرکز دبئی پہلے 828 میٹر بلند ’’برج الخلیفہ‘‘ جیسی دنیا کی بلند ترین عمارت کا عالمی ریکارڈ رکھتا ہے مگر دبئی نے برج الخلیفہ سے بھی بلند تر عمارت کی تعمیر کا فیصلہ کر کے فلک بوس عمارتوں کی تعمیرمیں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔ عرب ٹی وی کیمطابق العربیہ ڈاٹ نیٹ کیمطابق برج الخلیفہ سے
بلند تر عمارت کو ’’برج خور دبئی‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ دبئی کے گورنر الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے نئے بلند ترین برج کا افتتاح کیا ہے جسے 2020ء میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا، ’’برج خور دبئی‘‘ اب تک کی دنیا کی بلندترین عمارت برج الخلیفہ سے کئی حوالوں سے مختلف ہوگا۔ بلندی میں برج الخلیفہ سے اونچا ہونے کیساتھ اس میں کئی لگژری اپارٹمنٹس، ایک بڑا لگڑری کانفرنس ہال، ایک بڑا ہوٹل، پارکنگ، باغیچوں اور جدید ترین سہولیات سے آراستہ حوض اس کی پہچان ہونگے۔ نئے برج کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا کہ نئی بلند ترین عمارت کی تعمیر کا مقصد مستقبل میں مختلف شعبوں میں زیادہ جدت لانا اور معاصر سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ہے۔ خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں ’’اعمار پراپرٹیز‘‘ نامی تعمیراتی فرم نے انکشاف کیا تھا کہ دبئی میں ایک نئی بلند ترین عمارت کی تعمیر کا کام جلد شروع ہو گا جس پر ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی رقم خرچ کی جائیگی۔ اسکا افتتاح سنہ 2020ء میں ایکسپو نمائش کے موقع پر کیا جائیگا۔