ای میلز کی دوبارہ تحقیقات، ٹرمپ پریشان ہوگئے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 29, 2016 | 11:45 صبح

واشنگٹن:(مانیٹرنگ) امریکہ کے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ وہ ’مطمئن‘ ہیں کہ ای میلز کے معاملے پر ایف بی آئی کی دوبارہ تحقیقات سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ ہیلری کو پر اعتماد دیکھ کر ٹرمپ پریشان ہوگئے ۔ امریکہ کے تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے سربراہ نے نئی انکوائری کے لیے ہلیری کلنٹن کو بلوایا ہے۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے کانگریس کو بتایا کہ ادارہ ہلیری کلنٹن کی ای میل کے معاملے کی تحقیقات دوبارہ کھول رہا ہے۔ تفتیش کاروں نے انکشاف کیا ہے کہ 'ایک غیرمتعلقہ معاملے سے متعلق نئی ای میلز سامنے آئی ہیں جو تحقیقات کی متقاضی ہیں'۔ کومی نے کہا کہ تفتیش کار اس بات کا تعین کریں گے کہ آیا ان میلز میں خفیہ معلومات تو نہیں۔ ہلیری کلنٹن نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ پراعتماد ہیں کہ اس تفتیش کے نتائج اس سے پہلے کی جانے والی تحقیقات سے مختلف نہیں ہو گے کہ ان پر مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا۔ کلنٹن نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس نئی تفتیش کے بارے میں امریکی عوام کے سامنے وضاحت کریں۔ ایف بی آئی نے پہلے ہی سے بتا رکھا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کے نجی سرور پر حساس معلومات موجود تھیں۔ کومی نے اس سے قبل کلنٹن کی جانب سے اپنے دورِ وزارت کے دوران حساس معلومات سے عہدہ برا ہونے کے طریقے کو 'انتہائی لاپروایانہ' قرار دیا تھا، تاہم انھیں کسی مجرمانہ عمل کا مرتکب قرار نہیں دیا۔ ایف بی آئی کے سربراہ نے اپنے خط میں کانگریس کو لکھا کہ 'میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ مواد اہم ہو گا یا نہیں۔ اور میں یہ بھی نہیں بتا سکتا کہ اس عمل پر مزید کتنا وقت لگے گا'۔