نامورمصنفہ فرزانہ نازانتقال کرگئیں

2017 ,اپریل 26



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک): وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہونے والے قومی کتاب میلے میں 12 فٹ بلند اسٹیج سے گر کر شدید زخمی ہونے والی نوجوان مصنفہ فرزانہ ناز انتقال کر گئیں۔ فرزانہ ناز پاک چائنا فرینڈ شپ ہال میں کتاب میلے کی اختتامی تقریب میں موجود تھیں جہاں وہ اسٹیج سے 12 فٹ کی اونچائی سے نیچے گرگئیں، اس کے نتیجے میں ان کے سر اور ریڑھ کی ہڈی پر شدید چوٹیں آئیں جس کے بعد انہیں شفا انٹر نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ فرزانہ ناز کے فیس بک پیج پر بھی ان کے لیے دعا کی اپیل کی گئی تھی۔ انھیں اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔دوسری جانب راولپنڈی میں تصویری مقابلوں کی نمائش فرزانہ ناز کی ناگہانی وفات کے باعث ملتوی کردی گئی۔ فرزانہ ناز کا گزشتہ سال ہی پہلا شعری مجموعہ ’’ ہجرت مجھ سے لپٹ گئی ہے‘‘ شائع ہوا تھا جسے کافی سراہا بھی گیا تھا۔ لیکن اب انہیں مزید کام کرنے کی مہلت نہ ملی اور وہ پانے خالق حقیقی سے جا ملیں۔

متعلقہ خبریں