وہاب ریاض کی مایوس کن پرفارمنس نے سب کو پریشان کر دیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 04, 2017 | 18:09 شام
پورٹ آف اسپین(مانیٹرنگ ڈیسک): ’تیزگام‘ وہاب ریاض کی بولنگ بے لگام ہوگئی، 4 میچز میں 108 رنز کی پٹائی برداشت کرکے صرف چار ہی وکٹوں کا سودا کرپائے جبکہ پوری سیریز کھیلنے والے بولرز میں وہ سب سے مہنگے ثابت ہوئے۔ وہاب ریاض موجودہ ٹیم کے سینئر ترین بولر ہیں تاہم ان کی مایوس کن پرفارمنس کا سلسلہ بدستور جاری ہے، ویسٹ انڈیز سے سیریز کے چاروں میچز میں انھیں کھلایا گیا بدلے میں وہ 108 رنز کی پٹائی جھیل کر صرف 4 ہی وکٹیں لے سکے، اس دوران ان کی اوسط 27 اور اکانومی ریٹ 7.71 رہا، حسن علی نے بھی 4 ہی وکٹیں لیں تاہم ان کی ایوریج 23 اور اکانومی ریٹ 6.57 رہا۔دوسری جانب کیریبیئن لیگ کے مہنگے کھلاڑیوں میں سے ایک سہیل تنویر نے تین میچز میں صرف 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عماد وسیم نے بھی 2 ہی شکار کیے، شاداب خان نے سب سے زیادہ 10 وکٹیں 7.5 کی ایوریج اور 4.73 کے اکانومی ریٹ سے اپنے نام کیں، رومان رئیس کو واحد میچ میں موقع ملا اور ایک ہی وکٹ حاصل کرپائے۔بیٹنگ میں کپتان سرفراز احمد نے صرف 11 کی اوسط سے 22 رنز بنائے، سب سے زیادہ بابر اعظم نے 137 رنز 22.50 کی اوسط سے اسکور کیے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگا کر ٹیم میں واپس لوٹنے والے سینئر بیٹسمین کامران اکمل نے 90 رنز اسکور کیے، ان کے ساتھ ہی واپسی کا موقع پانے والے احمد شہزاد نے 84 رنز بنائے، اس کی بڑی وجہ آخری میچ میں 53 رنز رہے، یہ سیریز میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی واحد ففٹی بھی ثابت ہوئی۔ شعیب ملک نے 77 رنز بنائے، عماد وسیم کو 2میچز میں بیٹنگ کا موقع ملا اور وہ صرف 4 رنز ہی بنا پائے۔