بگلا ایک ہی ٹانگ پر گھنٹوں کیوں کھڑا رہتا ہے ؟ ایک دلچسپ اور معلوماتی خبر آگئی آپ بھی پڑھیے

2017 ,مئی 24



لندن (ویب ڈیسک) آپ نے اکثر بگلے کے بارے میں سنا، پڑھا یا دیکھا ہوگا کہ وہ اپنی ایک ٹانگ پروں میں چھپائے رکھتا ہے جبکہ صرف ایک ٹانگ کے توازن پر گھنٹوں کھڑا رہتا ہے۔کیا آپ جانتے ہیں بگلوں میں یہ عادت کیوں پائی جاتی ہے؟

دراصل بگلے ایک ٹانگ پر کھڑے ہی اس وقت ہوتے ہیں جب وہ آرام کر رہے ہوتے ہیں۔ایک امریکی تحقیق کے مطابق ایک ٹانگ پر کھڑے ہونے کی پوزیشن میں بگلے کے خلیات آرام دہ حالت میں آجاتے ہیں اور وہ بالکل غیر فعال ہوجاتے ہیں۔یہ ایسا ہی ہے جیسے ایک طویل مشقت بھرا دن گزارنے کے بعد ہمیں نیند کی ضروت ہوتی ہے تاکہ ہمارے تھکے ہوئے جسمانی و دماغی خلیات کو آرام ملے اور اگلی صبح وہ پھر سے تازہ دم ہوجائیں۔تحقیق کے مطابق بگلے جس وقت تھکن کا شکار ہوتے ہیں اس وقت وہ ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر آرام کرتے ہیں۔اٹلانٹا میں جارجیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پروفیسر یونگ ہوئی چانگ کی تحقیق کے مطابق ان پرندوں کی ٹانگوں کی ساخت ہی اس قسم کی ہوتی ہے کہ یہ باآسانی ایک ٹانگ پر اپنا توازن برقرار رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے اس تحقیق کے لیے بے شمار زندہ اور مردہ بگلوں کا معائنہ کیا۔ان کا کہنا ہے کہ جس وقت بگلا ایک ٹانگ کے بل پر کھڑا ہو، اس وقت اگر آپ اسے بالکل سامنے سے دیکھیں تو یوں محسوس ہوگا کہ اس کی یہ ایک ٹانگ اس کے جسم کے بالکل مرکز یعنی درمیان میں ہے جس پر اس کے پورے جسم کا توازن قائم ہے۔گویا اگر کبھی آپ کا ایک ٹانگ پر معلق کسی بگلے سے ٹکراؤ کا اتفاق ہو تو جان جائیں کہ وہ آرام کر رہا ہے اور ہرگز اس کے آرام میں خلل ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔

متعلقہ خبریں