راحیل شریف کے این او سی پر پارلیمنٹ میں بحث ہوسکتی ہے چیئرمین سینٹ: معاملہ دائرہ اختیار میں نہیں آتا، سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد (مانیٹرنگ) چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے راحیل شریف کو این او سی کے معاملے پر قبل از وقت رائے نہیں دے سکتا۔ راحیل شریف کو این او سی کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہوسکتی ہے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان میں تمام معاملات پارلیمنٹ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیںجبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے راحیل شریف کو این او سی دینے کا معاملہ پارلیمنٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا جس نے بھی قانون توڑا اسے جواب دینا چاہئے، آئین توڑنے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے۔واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ (ن)کے تمام رہنمائوں کو سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کے بارے میں متنازعہ بیانات جاری کرنے سے باز رہنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم نے سابق آرمی چیف کے خلاف بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں۔وزیراعظم نواز شریف کے مطابق پورا ملک سابق آرمی چیف جنرل (ر)راحیل شریف کے مثالی دور کا معترف ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا اگر سابق آرمی چیف اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی کا عہدہ قبول کرتے ہیں تو وہ متنازعہ ہو جائیں گے اور میرے خیال سے اس سے شاید ان کی شہرت میں کمی واقع ہو۔ دوسری جانب گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ راحیل شریف بھی دیگر جنرلز کی طرح ایک جنرل تھے۔