2017 ,جون 12
نئی دہلی:(مانیٹرنگ) بھارت میں ریپ کی کوشش کے دوران 26 سالہ نیپالی لڑکی ملزمان سے بچ کر برہنہ حالت میں دہلی کی سڑکوں پر نکل آئی جسے دیکھنے والے کپڑے دینے کی بجائے خاموش تماشائی بن گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 5 ملزمان نے بھارت میں مقیم نیپالی لڑکی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور شدید تشدد کیا تاہم اس دوران لڑکی اپارٹمنٹ کی دیوار پھلانگ کر برہنہ حالت میں دہلی کی سڑکوں پر نکل آئی جسے دیکھ کر شہری مدد کر نے کی بجائے خاموش تماشائی بنے رہے اور کپڑے تک پیش نہ کیے، متاثرہ لڑکی برہنہ حالت میں لوگوں سے مدد کرنے کی دہائی دیتی رہی مگر کسی نے اس کی نہ سنی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی سے مبینہ جنسی زیادتی کرنے والے پانچوں ملزمان کو گرفتار کر کے جنسی زیادتی اور تشدد کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگوں کی بے حسی کے بعد لڑکی نے ایک رکشہ والے سے مدد لی جس نے اسے منزل تک پہنچانے کی پیشکش کی تاہم واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہل کار موقع پر پہنچے اور متاثرہ لڑکی کو ایل بی ایس ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اپارٹمنٹ سے کودنے کے دوران لڑکی کی ٹانگوں پر معمولی زخم آئے ہیں جس نے اپنی درخواست میں پولیس کو بتایا کہ 5 ملزمان نے اسے شراب نوشی پر مجبور کیا ، لڑکی کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو ایک کال سینٹر میں کام کرتے ہیں۔