2017 ,جولائی 3
قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ایک خوبرو لڑکی سڑک کنارے پھٹے پرانے کپڑوں میں ملبوس سو رہی تھی اور اس کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ تھی۔ کسی راہ گیر نے اس کی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی جہاں دیگر صارفین نے تصویر دیکھ کر ایسا انکشاف کیا کہ ہر کوئی دنگ رہ گیا۔ صارفین نے بتایا کہ اس لڑکی کا نام سلویٰ ہے اور یہ المحالہ کے علاقے کی رہائشی اور امیر کبیر خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ وہ اسے صرف انٹرنیٹ کے ذریعے ہی جانتے ہیں لہٰذا مزید تفصیلات انہیں معلوم نہیں۔
انٹرنیٹ کے ذریعے علم ہونے پر سوشل سروسز کے اہلکار مذکورہ سڑک پر پہنچے تاکہ لڑکی کی مدد کر سکیں لیکن تب تک پولیس اس لڑکی کو تھانے لیجا چکی تھی۔ پولیس نے سوشل سروسز کے اہلکاروں کو بتایا کہ یہ عباسیہ پل کے نیچے سو رہی تھی۔ سوشل سروسز کے اہلکار اسے ساتھ سوشل سروسز انسٹیٹیوشن لے گئے اور اس کو طبی امداد دی۔ مزید تحقیق پر معلوم ہوا ہے کہ اس کا نام واقعی سلویٰ ہے اور وہ امیر خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ اسے شدید ذہنی صدمہ پہنچا ہے جس کے باعث وہ گھر سے بھاگ نکلی اور سڑکوں پر رہ رہی ہے۔ اہلکاروں نے اس کے والدین سے رابطہ کیا جو اسے لینے کے لیے آئے لیکن سلویٰ نے ان کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا اور کہا کہ وہ انسٹیٹیوشن میں ہی رہنا چاہتی ہے۔