محمد حفیظ انگلینڈ کے دورے کے بعد سے پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں رہے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 18, 2016 | 18:01 شام

غیرقانونی بولنگ ایکشن کی وجہ سے آئی سی سی کی پابندی کا شکار ہونے والے پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے آسٹریلیا میں بایو مکینک ٹیسٹ دے دیا ہے۔جمعرات کو برسبین میں ٹیسٹ دینے کے بعد ٹوئٹر پر محمد حفیظ نے کہا کہ وہ اپنا ایکشن کلیئر ہونے کے سلسلے میں پرامید ہیں۔36 سالہ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن پہلی بار نومبر2014 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں رپورٹ ہوا تھا۔انھوں نے اپنے بولنگ ایکشن کا پہلا بائیو مکینک ٹیسٹ اپریل 2015 میں انڈیا کے شہر چنئی کی لیبارٹری میں د

یا تھا جہاں ان کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار دیا گیا تھا۔تاہم جون 2015 میں وہ دوسری مرتبہ اس وقت مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آگئے جب پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے امپائرز نے ان کے بولنگ ایکشن کے بارے میں آئی سی سی کو رپورٹ کر دی تھی۔آئی سی سی کے قواعد وضوابط کے تحت اگر کوئی بولر ایک سال میں دو بار مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آجائے تو اس پر ایک سالہ پابندی عائد ہو جاتی ہے۔محمد حفیظ پر عائد پابندی جولائی 2016 میں ختم ہو گئی تھی تاہم گذشتہ کچھ عرصے گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا رہنے کی وجہ سے وہ اپنے بولنگ ایکشن کا بایو مکینک ٹیسٹ نہیں کروا سکے تھے۔محمد حفیظ انگلینڈ کے دورے کے بعد سے پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ویسٹ انڈیز کے خلاف شارجہ میں کھیلے گئے سہ روزہ میچ میں انھیں موقع دیا گیا تھا لیکن وہ دونوں اننگز میں قابل ذکر سکور نہ کر سکے۔