وزیراعظم کی ہدایت نظرانداز کر کے حج واجبات میں اضافہ کیا گیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 13, 2017 | 05:59 صبح
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفاقی وزارت مذہبی امور نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات کو نظرانداز کر کے حج واجبات میں 9 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف حج واجبات میں اضافہ کا کوئی جواز پیش نہ کر سکے جبکہ وفاقی کابینہ میں کئے جانے والے فیصلوں میں یہ تاثر دیا گیا کہ وزیراعظم نے حج اخراجات میں اضافے کی تجویز مسترد کردی تھی لیکن عملاً وفاقی وزارت مذہبی امور نے وزیراعظم کی ہدایات کو نظرانداز کر دیا ہے تاہم وزیراعظم نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج پالیسی میں حج واجبات کو کم کریں اور وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اخراجات کم کرنے کے بارے میں تجاویز پیش کریں۔ وفاقی وزارت مذہبی امور نے 60 فیصد کوٹہ سرکاری سکیم اور 40 فیصد کوٹہ پرائیویٹ سکیم کو دیا ہے اور حج گروپ آرگنائزر کو کوٹہ نہیں دیا جائے گا۔ ایک سال گزرنے کے باوجود تاحال حج کوٹے کے بارے میں قانون سازی نہیں کی جا سکی۔ اسی طرح دوبارہ حج بدل پرائیویٹ سکیم کو دے دیا گیا ہے جبکہ دوبارہ حج کرنے والوں پر 7 سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔