حلب سے انخلا مکمل،’شہر پر فوج کا مکمل کنٹرول‘
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 23, 2016 | 17:49 شام

حلب(مانیٹرنگ ڈیسک):شام کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے باغیوں کے آخری گروپ کے انخلا کے بعد حلب شہر کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حلب کو دوبارہ محفوظ کر دیا گیا ہے اور یہ باغیوں کے لیے شدید دھچکا ہے۔‘انٹرنیشنل کمیٹی آف دا ریڈ کراس آئی سی آر سی نے ’ ان تمام عام شہریوں جو شہر سے نکل جانا چاہتے تھے کے ساتھ ساتھ زخمیوں اور جنگجوؤں کے انخلا‘ کی تصدیق کی ہے۔‘صدر بشار الاسد کے خلاف 2011 سے شروع ہونے والی بغاوت کے بعد
سے ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران تقریباً 34000 عام شہریوں اور باغی جنگجوؤں کو مشرقی حلب سے نکالا گیا ہے۔شدید برف باری، تیز ہواؤں اور گاڑیوں کی خراب حالت کے باعث انخلا کا عمل سست رہا اور ہزاروں افراد کو سرد موسم میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔مشرقی حلب سے نکلنے والوں کو باغیوں کے زیر انتظام شہر کے مضافاتی علاقوں اور صوبہ ادلیب لے جایا گیا ہے۔آئی سی آر سی کی ترجمان کا کہنا ہے کہ جو کوئی بھی یہاں سے نکلنا چاہتا تھا انھیں دوسرے مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور انخلا کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔شامی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’یہ کامیابی ایک طرف تو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سٹریٹیجک تبدیلی اور نیا موڑ ہے جبکہ دوسری جانب یہ شدت پسندوں کے منصوبوں اور ان کے حامیوں کے لیے زبردست دھچکا ہے۔‘بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس جیت نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی کو جاری رکھنے اور اپنے ملک سے دہشت گردی کو ختم کر کے سکیورٹی استحکام کو قائم کرنے کے لیے فوج کو مزید متحرک کر دیا ہے۔‘