حکومت کو کتنے سو ارب کے ٹیکس شارٹ فال کا سامنا ہے؟ محمد زبیر نے حیران کن اعداد و شمار بیان کردیے

2019 ,اگست 31



لاہور (مانیٹرنگ رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہاہے کہ ا س وقت ملک کی معاشی حالت بہت زیادہ خراب ہے ، 45لاکھ لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں۔ دنیا نیوز کے پروگرام ”سوال عوام کا “میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ ایک سال سے تحریک انصاف کے پاس ہی سارا کنٹرول ہے اور مسلم لیگ ن نے نہ کوئی احتجاج کیا ہے اورنہ دکانیں بند کرائیں ، نہ سول نافرمانی کی تحریک چلائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی اپنی معاشی ٹیم ہے ہی نہیں ہے ، ڈالرایک دن میں گیارہ روپے بڑھا اوراگلے دن آٹھ روپے نیچے آیا جس سے کچھ لوگ مرگئے اور کچھ لوگ اوپر چلے گئے ۔

محمد زبیر کا کہناتھا کہ تحریک انصاف کوٹیکس میں چارسو ارب شارٹ فال کا سامناہے ، جب تک یہ اپنے معاملات درست نہیں کریں گے ، آگے نہیں چل سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف کی حکومت آئی  ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کاعوام کے ساتھ مذاق کیا گیا تھا ۔

متعلقہ خبریں