امام کعبہ کی پاکستان آمد کھٹائی میں پڑگئی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 04, 2017 | 17:28 شام
پشاور(مانیٹرنگ )جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صد سالہ یوم تاسیس کی تقریبات 7 اپریل سے شروع ہوں گی جس میں امام کعبہ بھی خصوصی دعوت پر تشریف لائیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنمائوں کے مطابق جمعیت کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریبات کا آغاز 7 اپریل کو اضا خیل پشاور میں ہوگایہ اجتماع 7 سے 9 اپریل تک جاری رہے گا جس میں پاکستان کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک اور خطوں کے علمائے کرام شرکت کریں گے۔ اجتماع میں شرکت کیلئے مختلف ممالک کے علمائے کرام کو دعوت نامے بھجوا دیئے گئے ہیں۔ امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس جمعہ 7 اپریل کو اجتماع میں نماز جمعہ کی امامت کریں گے تاہم علالت کی وجہ سے وہ شریک نہ ہو سکے تو شیخ صالح الطالب ان کی نمائندگی کریں گے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان اجتماع کی تیاریوں کے لئے انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں اور مہمانوں کی شرکت کے حوالے سے خاص طور پر خود رابطے کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت سرکردہ سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنمائوں کو اجتماع میں شرکت کی دعوت خود دی ہے اور کئی رہنمائوں نے شرکت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے مرکزی و صوبائی حکومتوں سے درخواست کی کہ وہ اجتماع کے پرامن انعقاد اور معزز مہمانوں و شرکاء کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت نے خیبر پختونخوا حکومت سے بھی رابطہ کیا ہے اور اجتماع کے انتظامات کے سلسلے میں ان سے تعاون کی درخواست کی ہے