2020 ,مارچ 21
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک): بھارت کے مشہور نربھیا اجتماعی جنسی زیادتی اور قتل کے چار مجرموں مکیش سنگھ، ونے شرما، پون گپتا اور اکشے ٹھاکر کو تہاڑ جیل میں صبح ساڑھے پانچ بجے پھانسی دے دی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تہاڑ جیل کے باہر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔پھانسی کے بعد مقتولہ نربھیا کے والدین کا کہنا ہے کہ آخر انصاف ہوا۔پھانسی دینے سے قبل تہاڑجیل میں صبح ساڑھے تین بجے چاروں مجرموں کوجگایا گیا ، حالانکہ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ کوئی بھی صحیح طرح سویا ہوانہیں تھا۔ مجرموں کو ان کی آخری خواہش کے مطابق انہیں پوجا پاٹ کرنے دی گئی اور اس کے لئے پنڈت کا انتظام بھی کیا گیا ۔
خیال رہے کہ پیرا میڈیکل کی طالبہ23 سالہ نربھیا (یہ متاثرہ کا اصل نام نہیں ہے،بھارت میں جنسی زیادتی کا شکار خاتون کا نام ظاہر کرنا قانوناً ممنوع ہے) کو 16 دسمبر 2012 کی رات کو ایک چلتی بس میں چھ افراد نے اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ مجرموں نے جنسی زیادتی کے بعد اسے بس سے پھینک دیا تھا۔ اسے بعد میں ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ دم توڑ گئی۔ دو دیگر قصورواروں میں سے ایک نے تہاڑ جیل میں سن 2015 میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی جب کہ ایک دوسرا مجرم نابالغ ہونے کی وجہ سے موت کی سزا سے بچ گیا اوراسے اصلاحی مرکز بھیج دیا گیا تھا، جہاں سے وہ تین برس بعد رہائی حاصل کر چکا ہے۔