نئی دلی (شفق ڈیسک) دنیا کے مختلف معاشروں میں مختلف قسم کے رسوم و رواج پائے جاتے ہیں لیکن ہمارے ہمسایہ ملک بھارت میں ایسے ایسے عجوبے پائے جاتے ہیں کہ جن کی مثال کہیں اور ملنا مشکل ہے۔ ایک ایسا ہی عجوبہ ریاست مدھیا پردیش میں بسنے والا گونڈ قبیلہ ہے کہ جہاں کسی بھی خاتون کو بیوہ نہیں رہنے دیا جاتا، چاہے اس کی شادی اس کے اپنے ہی پوتے سے کیوں نہ کرنا پڑے۔ اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس قبیلے کی روایت ہے کہ کوئی بھی خاتون بیوہ نہیں رہ سکتی۔ اسی روایت کے تحت مرنیوالے شخص کی بیوہ کی شادی اسکے خاندا
ن میں دستیاب کسی بھی مرد سے کردی جاتی ہے۔ اگر مرنے والے کا بھائی یا کزن وغیرہ دستیاب ہو تو اس سے شادی ہوجاتی ہے ورنہ خاندان کے کسی بچے سے شادی کر دی جاتی ہے۔ اگر خاندان میں کوئی بچہ بھی دستیاب نہ ہو تو اس صورت میں کسی دیگر خاندان کی خاتون بیوہ کو چاندی کی چوڑیوں کا تحفہ دیتی ہے اور اسے اپنے گھر لیجاتی ہے اور یوں ایک کا خاوند دوسری کا بھی خاوند بن جاتا ہے۔ گونڈ قبیلے کے گاؤں بیہانگہ سے تعلق رکھنے والے شخص پتی رام نے بتایا کہ جب اس کے دادا کا انتقال ہوا تو وہ محض چھ برس کا تھا۔ اس کی بیوہ دادی سے شادی کیلئے کوئی بھی مرد موجود نہ تھا، لہٰذا اس کے دادا کی موت کے 9 دن بعد فیصلہ کیا گیا کہ بیوہ دادی چامری بائی کی شادی اس کے چھ سالہ پوتے سے ہوگی پتی رام کا کہنا ہے کہ اس رسم کو ناتی پاتو کا نام دیا جاتا ہے۔ جس کے تحت اسکی شادی دادی کیساتھ ہوگئی۔ پتی رام نے بتایا کہ جب وہ جوان ہوا تو اس نے ایک اور عورت سے شادی کرلی۔ مگر جب تک اس کی دادی زندہ رہی وہ عورت دوسری بیوی کے طور پر ہی زندگی گزارتی رہی۔ اس قبیلے کے لوگ پڑھ لکھ جائیں یا بڑے شہروں میں منتقل ہو جائیں تب بھی اپنی روایت پر عمل جاری رکھتے ہیں۔ قبائلی رہنما گلزار سنگھ مرکم کا کہنا تھا کہ ان کے گاؤں کے دو نوجوان بھوپال شہر میں انجینئر کے عہدے پر فائز ہیں لیکن انہوں نے بھی قبائلی روایت کے مطابق دیور پاتو شادی کررکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ روایت صرف علامتی نہیں ہے بلکہ اس کا معاشرے میں حقیقی مقام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کسی کمسن بچے کی شادی اس کی دادی کے ساتھ ہوجائے تو بچے کو خاتون کا حقیقی خاوند سمجھا جاتا ہے اور اسے خاندان کے سربراہ کا درجہ بھی مل جاتا ہے۔