دہلی (شفق ڈیسک) بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کیمطابق گوگل نے ایک ایسا فیچر متعارف کروایا ہے کہ جو بھارتی دارالحکومت، دہلی کے شہریوں کو قریب ترین عوامی بیت الخلا میں پہنچنے میں مدد دے گا۔ گوگل انڈیا کے ترجمان، گورو بھاسکر کیمطابق، گزشتہ روز متعارف کروایا جانیوالا فیچر بھارتی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں کھلے عام پیشاب اور قضائے حاجت روکنے کے لیے چلائی جانے والی مہم کا حصہ ہے۔ اب بھارتی باشندے گوگل میپ میں پبلک ٹوائلٹ ٹائپ کر کے نہ صرف دارالحکومت میں واقع 5162 ٹوائلٹس بلکہ ریاست م
دھیہ پردیش کے ارد گرد واقع علاقوں اور شہروں میں موجود بیت الخلا تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ گوگل میپ پر ٹوائلٹس کی نشان دہی سواچھ پبلک ٹوائلٹ سے کی گئی ہے۔ اس بارے میں گورو بھاسکر کا مزید کہنا ہے کہ حکومت اس فیچر کی مدد سے بھارت کے مزید علاقوں کا بھی احاطہ کرنا چاہتی ہے۔ جب بھارتی حکام ہمیں مزید ٹوائلٹس کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے، تو ہم گوگل میپ پر ان کے مقامات کا بھی تعین کر دیں گے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین بیت الخلا کی صفائی ستھرائی کے بارے میں بھی اپنی رائے دے سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ کھلے عام قضائے حاجت ایک عالمی مسئلہ ہے اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے، یونیسیف کی ایک رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر میں 10میں سے ایک فرد کھلے عام قضائے حاجت کرتا ہے، جبکہ بھارت میں ایسے افراد کی شرح بہت زیادہ ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بھارت کی ایک ارب 20 کروڑ نفوس پر مشتمل آبادی میں سے نصف کو گھروں میں بیت الخلا کی سہولت دستیاب نہیں اور انہیں مجبوراً کھلی فضا میں قضائے حاجت کے لیے جانا پڑتا ہے۔